دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ امراض قلب ہیں جبکہ ناقص خوراک کا استعمال امراض قلب میں اضافے کا باعث بنتا ہے لیکن اگر غذا کا استعمال احتیاط سے کریں تو قلبی امراض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
چند درج ذیل غذائیں ایسی ہیں جو سوزش، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرکے دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
اومیگا 3 فیٹی ایسڈز دل کی بہتر صحت کے لیے بہت ضروری ہے جس کا بہترین ذریعہ مچھلی کا استعمال ہے بالخصوص سالمن، میکریل اور سارڈینز اقسام کی مچھلیاں، جو بلڈ پریشر کو کم کرتی ہیں اور خون کے جمنے کے خطرے کو کم کرتی ہیں۔
امریکی ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق اومیگا تھری کے فوائد حاصل کرنے کے لیے ایک ہفتے میں کم از کم 2 بار مچھلی کا استعمال کرنا چاہیئے اور اگر آپ مچھلی کا استعمال نہیں کر سکتے ہیں تو اومیگا 3 سپلیمنٹس کو اپنے معمول میں شامل کریں۔
پتوں والی سبزیاں جیسے پالک، ساگ ، دھنیا اور پودینے میں وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس جیسے غذائی اجزاء ہوتے ہیں۔ ان میں کیلوریز کم اور فائبر زیادہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ دل کی صحت کو بہتر رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں۔
مطالعات سے معلوم ہوتا ہے کہ پتوں والی سبزیاں سوزش کو کم اور بلڈ پریشر کو بہتر کرسکتی ہیں، جن کی وجہ سے دل کی بیماری کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔
اپنے سلاد یا اسموتھیز میں پتوں والی سبزیاں شامل کرنے کی کوشش کریں تاکہ یہ دل کو مزید صحت مند بنائیں۔
ہول گرینز یا سالم اناج جیسے براؤن رائس، گندم، دالیں، پاستا وغیرہ فائبر کے بہترین ذرائع ہیں، جو دل کی صحت کے لیے ضروری ہے۔ فائبر کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے اور نظام ہاضمہ کو صحت مند رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ جس سے دل کی بیماری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
سالم اناج میں میگنیشیم اور پوٹاشیم جیسے غذائی اجزاء بھی ہوتے ہیں جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اناج کا انتخاب کرتے وقت، سفید روٹی یا سفید چاول جیسے اناج کی بجائے سالم اناج کا انتخاب کریں۔
بلیو بیری، اسٹرابیری اور رسبری جیسی بیریاں اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں، جو سوزش اور آکسیڈیٹیو اسٹریس کو کم کرتی ہیں۔ یہ دل کی صحت کے لیے اہم ہے، کیونکہ آکسیڈیٹیو اسٹریس دل کی بیماری کی نشوونما کا باعث بن سکتا ہے۔
بیریز میں کیلوریز کم اور فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جس کی وجہ سے یہ دل کی صحت مند غذا میں سے ایک ہے۔ مزیدار اور غذائیت سے بھرپور ناشتے کے لیے اپنے صبح کےناشتے میں بیر شامل کرنے کی کوشش کریں۔
بادام، اخروٹ اور پستہ جیسے گری دار میوے صحت مند چکنائی، فائبر اور پروٹین کے بہترین ذرائع ہیں۔ مطالعات سے معلوم ہوتا ہے کہ گری دار میوے کھانے سے کولیسٹرول کی سطح کم ہوتی ہے جو دل کی بیماری کے خطرات کو کم کرنے کا باعث بنتا ہے۔
تاہم، گری دار میوے کیلوری میں بہت زیادہ ہوتے ہیں، لہذا ان کو اعتدال میں کھانا ضروری ہے. انہیں اپنے سلاد یا دلیا میں مٹھی بھر شامل کرنے کی کوشش کریں۔
Comments are closed.