وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں 1960 کے بعد دوسرا سبز انقلاب آرہا ہے۔ گرین اینیشیئٹو پروگرام سے زرعی معیشت ایک سے دو سال میں بحال ہوجائے گی، 4 سے 5 سال میں 30 سے 40 ارب ڈالرز سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے۔ 40 لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔
زرعی انقلاب کیلئے قومی قیادت ایک پیج پر آگئی۔ وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور صوبائی وزرائے اعلیٰ قومی فوڈ سیکیورٹی سیمینار میں شریک ہوئے۔
فوڈ سیکیورٹی سیمینار سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ کئی خلیجی ملک پاکستان میں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان مزید قرضے لینے کا متحمل نہیں ہو سکتا، عوام کو نہیں پتا کہ دوست ملکوں سے کیسے منتیں ترلے کر کے قرض لیا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ کسانوں کو ہر قیمت پر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انتخابات کے بعد جو بھی حکومت آئے گی، اس کے ساتھ مل کر کسانوں کی بھرپور مدد کریں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاسی استحکام نہ ہو تو باہر کی تو دور مقامی سرمایہ کاری بھی نہیں ہوتی، کوئی سرمایہ کار کسی ملک میں سرمایہ کاری سیاسی استحکام کے بغیر نہیں کرتا، گلف ریاستیں 40 ارب ڈالر کی اجناس مختلف ممالک سے منگواتے ہیں، ماضی کو خیرباد کہہ کر پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے، محنت کی تو ایک دو سال میں زراعت بہتر ہوگی پھر کسی کو دیگر ممالک سے پیسے نہیں مانگنے پڑیں گے، معاشی سیکیورٹی کو مضبوط بنانا ہوگا۔
Comments are closed.