مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 4 سال سے رکے منصوبے 16 ماہ میں ریکارڈ رفتار سے مکمل کیے۔
کوئٹہ میں پارٹی قائد نواز شریف کے ہمراہ بلوچستان کی سیاسی قیادت سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم، صحت اور انفرااسٹرکچر کی ترقی بدستور اولین ترجیح رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کو حقوق کی فراہمی ہمیشہ نوازشریف کے دل کے قریب رہی ہے۔
ن لیگی صدر نے مزید کہا کہ 16 ماہ کی مختصر حکومت میں بلوچستان کی ترقی، تعلیم اور نوجوانوں کی ہنرمندی کے منصوبوں پر کام کیا۔ گوادر کے لیے ایران اور نیشنل گرڈ سے بجلی دینے کے منصوبے شروع کیے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ گوادر بندرگاہ میں ریت صاف نہ کیے جانے سے بڑے تجارتی جہاز نہیں آسکتے تھے، جس کا کنٹریکٹ دیا، یہ کام فروری 24ء میں مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں گوادر ہوائی اڈے پر کام تیز کیا، جو رواں سال کے آخر میں مکمل ہوگا۔
ن لیگی صدر نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں گوادر کو پانی کی فراہمی کے لیے شادی کور اور باسول ڈیم بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2022ء کے تباہ کن سیلاب متاثرین کی مدد کےلیے وفاق سے 100 ملین ڈالر مختص کیے جبکہ 2000 ارب روپے کا کسان پیکیج دیا، مفت بیج، سستی کھاد، زرعی ٹیوب ویلز پر رعایتی بجلی فراہم کی۔
Comments are closed.