سندھ پولیس کے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) کو حیدر آباد میں ٹریفک پولیس کے سیکشن افسر کو دی گئی دھمکی مہنگی پڑگئی، دھمکی کی ویڈیو سامنے آنے پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ نے ڈی ایس پی کے خلاف کارروائی کی اور ٹریفک افسر کو شاباش اور انعام دینے کا اعلان کردیا۔
حیدرآباد میں سندھ پولیس کے ڈی ایس پی فہیم فاروقی کی جانب سے ٹریفک پولیس کے سیکشن آفیسر کو دھمکیاں دینے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔
ویڈیو میں ڈی ایس پی فہیم فاروقی کو ٹریفک سیکشن سٹی حیدرآباد کے انچارج کو دھمکی دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں فہیم فاروقی نے غلط سمت میں پارکنگ کرنے کے بعد ٹریفک افسر کو دھمکی دی کہ وہ 24 گھنٹے میں اس کا تبادلہ کروادے گا اگر 25 گھنٹے ہوگئے تو وہ حیدرآباد آنا چھوڑ دے گا۔
آئی جی سندھ نے ٹریفک افسر کو دھمکانے کا نوٹس لے لیا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو فوری ڈی ایس پی کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
آئی جی سندھ کی جانب سے ٹریفک افسر کےلیے انعام کا اعلان کیا گیا ہے اور کہا گیا کہ ٹریفک افسر کو سرٹیفکیٹ اور ایک تنخواہ انعام دی جائے جبکہ ڈی ایس پی فہیم فاروقی کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی ہوگی۔
خیال رہے کہ ڈی ایس پی فہیم فاروقی کراچی پولیس آفس میں تعینات ہے، فہیم فاروقی کے خلاف سنگین دفعات کے تحت پہلے بھی کئی مقدمات درج ہیں۔
Comments are closed.