منگل 22رجب المرجب 1444ھ14؍فروری 2023ء

23 کروڑ کی کرپشن کے ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست خارج

سپریم کورٹ نے 23 کروڑ روپے کی کرپشن کے ملزم نواب خان کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اسے غیر مؤثر ہونے کے باعث خارج کر دیا۔

چیف جسٹس پاکستان کی عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں نیب کی درخواست پر کرپشن میں ملوث ملزم کی ضمانت کی منسوخی کے لیے سماعت ہوئی جسے نیب کے نئے قانون کے تحت منسوخ کر کے خارج کر دیا گیا۔

نیب کے پراسیکیوٹر کے مطابق نئے نیب قانون کے بعد 23 کروڑ روپے کرپشن کا کیس نیب کے دائرہ اختیار سے نکل گیا ہے، دائرہ اختیار سے نکلنے پر ضمانت منسوخی کی درخواست غیر مؤثر ہو گئی۔

چیف جسٹس پاکستان نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نیب کے دائرہ اختیار سے نکلنے والے مقدمات ختم ہو گئے؟

نیب پراسیکیوٹر نے جواب میں کہا کہ نیب مقدمات واپس نہیں لے رہا، لیکن عدالتیں کیسز واپس کر رہی ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا نئے نیب قانون میں یہ نہیں لکھا کہ مقدمات کہاں بھیجنے ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ نئے نیب قانون میں کچھ خامیاں ہیں جنہیں ہم دیکھ رہے ہیں۔

جسٹس اطہر من اللّٰہ کے مطابق یہاں نیب کی بھی بہت نااہلی ہے۔

سپریم کورٹ نے ملزم کی ضمانت منسوخی کی درخواست غیر مؤثر ہونے پر خارج کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.