فیڈرل بورڈ آف ریونیو مجموعی طور پر غیر رجسٹرڈ 81 لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد کو نوٹس جاری کر چکا ہے۔
ترجمان ایف بی آر نے غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے حوالے سے ’جیو نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ٹیکس 2022ء کے لیے 24 لاکھ 98 ہزار 419 غیر رجسٹرڈ افراد کو نوٹس جاری کیے گئے۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ ٹیکس سال 2023ء کے لیے 56 لاکھ 96 ہزار 590 غیر رجسٹرڈ افراد کو نوٹس جاری کیے گئے، ان نوٹسز کے جاری ہونے سے پہلے مرحلے کی کارروائی مکمل ہو گئی، ان افراد کو انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت نوٹسز جاری کیے گئے۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق دوسرے مرحلے میں غیر رجسٹرڈ بڑے ٹیکس دہندگان کے ٹیلیفون کنکشن منقطع کرنے کا منصوبہ ہے۔
دوسری جانب ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ان افراد کے بجلی کے کنکشن منقطع کیے جانے کا بھی منصوبہ ہے، ان افراد کی تفصیلات بینکوں کے لین دین سے حاصل کی گئی ہیں۔
ذرائع ایف بی آر کے مطابق کاروباری افراد کی طرف سے خرید و فروخت کا ڈیٹا بھی نادرا کی مدد سے حاصل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی شرط عائد کر رکھی ہے۔
Comments are closed.