انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کی مساویانہ کمیٹی نے دو نئی بین الاقوامی کوالیفکیشن اور ایک انٹرنیشنل تعلیمی بورڈ کے پاکستان میں کام کرنے اور مساویانہ کرنے کی منظوری دی ہے۔
نئے عالمی بورڈ کا نام ایل آر این( لرننگ ریسورس نیٹ ورک) برطانیہ ہے جب کہ بین الاقوامی کوالیفکیشن میں ملائیشیا کا دو سالہ ڈپلومہ اور امریکا کا دو سالہ گریڈنگ آف ہائی ڈپلومہ شامل ہیں۔
آئی بی سی سی کی مساویانہ کمیٹی کا 167واں اجلاس چیئرمین آئی بی سی سی ڈاکٹر شوکت حیات کی صدارت میں منگل کو کراچی میں ہوا۔
اجلاس میں مساوی تعلیم کے حوالے سے 11 نکاتی ایجنڈا زیر بحث لایا گیا اور عالمی وبا کے پیشِ نظر ایکویلینس کے حصول میں درپیش مسائل اور ان کے مستقل اور پائیدار حل پر تجاویز پیش کی گئیں اور کمیٹی ممبران کی باہمی مشاورت سے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں کورونا وبا کی وجہ سے جہاں پاکستانی تعلیمی بورڈز نے صرف اختیاری مضامین کا امتحان لیا اسی طرز پر انٹرنیشنل بورڈز جو پاکستان میں کام کرر رہے ہیں ان کے طالب علموں کے لیے بھی صرف اختیاری مضامین پاس کرنے کی منظوری دی گئی۔
ساتھ ہی کورونا وبا کے پیشِ نظر آن لائن مضامین پاس کرنے والے طالب علموں کو بھی ایکویلینس جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ آئی بی سی سی ایکولینس کمیٹی اجلاس میں او اینڈ اے لیول و دیگر بین الاقوامی نظامِ تعلیمات کے مساوی گریڈنگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ 2021 کے او اینڈ اے لیول کے امتحانات میں A* لینے والے طلب علموں کو پاکستانی تعلیمی بورڈز کے طرز پر نمبر دیے جائیں گے۔
او اینڈ اے لیول و دیگر بین الاقوامی نظامِ تعلیمات کی ایکویلینس کے حوالے سے لائی جانے والی اصلاحات سے میڈیکل اور انجینئرنگ کے اسٹوڈنٹس کو داخلے میں مدد فراہم ہوگی۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر غلام علی ملاح نے سیکرٹری آئی بی سی سی کا چارج سنبھالنے کے بعد نہ صرف آئی بی سی سی میں آئی ٹی اور سر وس ڈلیوری سسٹم کے شعبہ میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہے ہیں بلکہ ساتھ ہی ساتھ ڈاکٹر شوکت حیات، چیئرمین آئی بی سی سی کی مشاورت سے تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے پائیدار فیصلے بھی کئے جارہے ہیں۔
Comments are closed.