مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 2018ء کی پریکٹس دہرائی گئی تو حالات مزید خراب ہوں گے۔
سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ ہم سے رابطے میں ہیں، موجودہ حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کے ذریعے ووٹ کی عزت کو بحال کیا جائے، 2018 کی پریکٹس دوبارہ دہرانے سے حالات مزید خراب ہوں گے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن جلدی ہونے جارہے ہیں، چاہے جنرل الیکشن ہوں یا بلدیاتی، تحریک عدم اعتماد سے متعلق نتائج جلد عوام کے سامنے ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے سیاسی اختلاف ضرور، لیکن ایک دوسرے کے لیے احترام ہے، حکمران ذاتی مفادات چھوڑ کر ملکی مفادات سامنے رکھیں، معاملات حل ہوں گے۔
خواجہ محمد آصف نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ایسے وقت میں روس گئے جب وہاں جنگ چھڑی ہوئی تھی،حکمران کشکول لے کر جگہ جگہ جا رہے ہیں، قوم کو بھکاری بنا دیا ہے۔
Comments are closed.