وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا ہے کہ 2016 میں ایم کیو ایم پر تالی بجانے کا مقدمہ درج کیا گیا، ایم کیو ایم کی لیڈرشپ کو گرفتار کیا گیا لیکن ہم نے عدالتوں کا احترام کیا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ عمران خان کو عدالتوں سے ریلیف ملتا ہے، ایک وزیر نے پی آئی اے کے پائلٹس کے خلاف بیان دیا جس سے پی آئی اے کو اربوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔
امین الحق نے کہا کہ نسلہ ٹاور گرا دیا گیا لیکن بنی گالہ کو ریگولرائز کردیا گیا، صاف ظاہر ہوتا ہے لاڈلے کیلئے قانون اور ہے، باقیوں کیلئے اور ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا اعلان کیا، اسٹیل ملز بند کردی چلتی ہوئی انڈسٹری بند کردی گئی، پچاس لاکھ گھروں کا اعلان کیا گیا اور ساتھ ہی سیمنٹ سریا مہنگا کردیا گیا۔
امین الحق نے کہا کہ 14 مئی کو الیکشن کروائے جاتے ہیں تو اس پر سوالات اٹھیں گے، جس بھی پارٹی کا چیف منسٹر ہوگا تو وہ الیکشن پر اثرانداز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل مردم شماری کا انعقاد کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کو نئی مردم شماری کے بعد حلقہ بندیوں کیلئے 4 ماہ درکار ہوتے ہیں۔
Comments are closed.