پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق رہنما فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ ابھی میں پی ٹی آئی کے دیگر گھناؤنے جرائم کی نشاندہی نہیں کر رہا، 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں سب سے زیادہ کرپشن جس نے کی ہے وہ فیض حمید ہیں۔
’’تمام معاملے کے ماسٹر مائنڈ فیض حمید ہیں‘‘
فیصل واؤڈا نے نیب راولپنڈی کے دفتر کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نیب نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں طلب کیا تھا، اس کیس میں اہم کاروباری شخص کو مورد الزام نہیں ٹھہراتا، جب یہ معاملہ چلا تھا اس وقت وفاقی وزیر تھا، اس کیس میں شہزاد اکبر، ذلفی بخاری، بابر اعوان اور دیگر کا نام لیا جا رہا ہے، اس تمام معاملے کے ماسٹر مائنڈ فیض حمید ہیں۔
’’شہزاد اکبر کو فیض حمید نے ہی فرار کرایا‘‘
ان کا کہنا ہے کہ فیض حمید کی باقیات سینیٹ اور دائیں بائیں موجود ہیں، اب تک کسی نے فیض حمید کا نام نہیں لیا، شہزاد اکبر اور دیگر ملزمان کو فیض حمید نے ہی بیرونِ ملک فرار کرایا، پہلے ہی بتا دیا تھا کہ سانپ خان صاحب کی جگہ لینا چاہتے ہیں، جب تک اللّٰہ کی مرضی ہے خان صاحب پر آنچ بھی نہیں آ سکتی۔
’’پی ٹی آئی کام پابندی سے زیادہ والے کر چکی ہے‘‘
سابق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کے کیس میں کرپشن ڈھونڈنا کوئی راکٹ سائنس نہیں، مجھ سے بہت تفصیل سے سوالات ہوئے ہیں، میں پی ٹی آئی سے مشکل وقت میں نہیں نکلا ہوں، پی ٹی آئی پر پابندی نہیں لگنی چاہیے، مگر جو کام کروائے گئے وہ پی ٹی آئی پر پابندی لگنے کے لیے کافی ہیں، پی ٹی آئی نے پابندی لگنے سے زیادہ والے کام کیے ہیں، اب تک ذمے داری کا مظاہرہ کرتا آیا ہوں۔
’’پرانے عمران خان کے فلسفے کے ساتھ چلتے رہیں گے‘‘
انہوں نے کہا کہ پرانے عمران خان نے جو سکھایا تھا وہ آج فرض ادا کر دیا، ہم پرانے عمران خان کے فلسفے کے ساتھ چلتے رہیں گے، مجھے کوئی دستاویزات دینے کی کوئی ضرورت نہیں، مجھے 8 ماہ پہلے پارٹی سے نکالا گیا، میں ابھی فیض حمید کے پاکستان میں اثاثوں کی بات کر رہا ہوں، اس معاملے میں سب سے زیادہ فائدہ لینے والے فیض حمید ہیں، یہ تو چھوٹا سا کیس ہے، ابھی تو بہت بڑے جرائم سامنے آئیں گے۔
’جو کام صدرِ مملکت نے کیا ہے وہ دشمن بھی نہیں کرتا‘‘
فیصل واؤڈا نے کہا کہ کابینہ میں ہمیں بند لفافہ دیا گیا اس وقت بھی کہا تھا کہ اس پر نیب کا کیس بنے گا، عمران خان کو کہا تھا کہ کچھ لوگ آپ کو چھوڑ کر جائیں گے، پرانے عمران خان اور پرانے پاکستان کے ساتھ آج بھی کھڑا ہوں، آج پہلا قدم اٹھایا ہے، کاروباری شخص کے 100 روپے پھنسے ہوئے ہوں تو وہ 10 روپے دے کر اپنے 100 روپے چھڑا لیتا ہے، جو کام صدرِ مملکت نے کیا ہے وہ دشمن بھی نہیں کرتا، اس غلط فہمی میں بڑا کردار عارف علوی نے ادا کیا۔
’’پہلا وزیر تھا جس نے شور ڈالا کہ یہ نیب کیس بنے گا‘‘
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں عمران خان کی وجہ سے ووٹ پڑا، اگر مجھے کسی اور پارٹی میں جانا ہوتا تو 6 ماہ پہلے چلا جاتا، یہ وہ عمران خان نہیں جو پہلے تھے، ہمیں کابینہ میں پیسے آنے جانے کا نہیں بتایا گیا تھا، میں پہلا وزیر تھا جس نے شور ڈالا اور کہا کہ یہ نیب کا کیس بنے گا، فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے جب اس پر بات کرنے کی کوشش کی تو انہیں روک دیا گیا۔
’’این سی اے کرپشن اسکینڈل کے پیچھے فیض حمید کا کردار ہے‘‘
فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ سیاست دان تو ایسے گھناؤنے کاموں میں ملوث ہوتے ہی ہیں، ابھی تک میں بہت ذمے داری کا مظاہرہ کرتا چلا آ رہا ہوں، میرا ذمے داری کا مظاہرہ کرنا میری کمزور نہیں میری طاقت ہے، قتل کی ویڈیو نہیں ہوتی اور رشوت کا پے آرڈر نہیں ہوتا، این سی اے کے پورے کرپشن اسکینڈل کے پیچھے فیض حمید کا کردار ہے۔
Comments are closed.