بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

186 ارکان کو پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں پہنچا دیا: تحریکِ انصاف کا دعویٰ

کون بنے گا وزیرِاعلیٰ پنجاب، پرویز الہٰی یا حمزہ شہباز؟ سب کی نظریں پنجاب اسمبلی پر لگی ہیں، بس کچھ گھنٹوں کے انتظار کے بعد اس بات کا فیصلہ ہو جائے گا۔

پنجاب اسمبلی میں کس کے پاس کتنے ارکان ہیں؟ آج دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، انتخابی دنگل شام 4 بجے لگے گا۔

تحریکِ انصاف کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ 186 ارکان کو اسمبلی کے کمیٹی روم میں پہنچا دیا ہے۔

پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ارکانِ پنجاب اسمبلی قافلے کی صورت میں ہوٹل سے پنجاب اسمبلی پہنچے، یہ ارکان 4 بسوں میں پنجاب اسمبلی پہنچے ہیں۔

اس موقع پر اراکینِ اسمبلی کو کمیٹی روم میں پہنچا دیا گیا ہے ۔

پی ٹی آئی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ اراکینِ اسمبلی اب کمیٹی روم سے باہر نہیں آئیں گے، نمازِ جمعہ بھی کمیٹی روم میں ادا کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور پی ٹی آئی کے وزارتِ اعلیٰ کے امید وار چوہدری پرویز الہٰی پنجاب اسمبلی پہنچ گئے۔

اس موقع پر صحافی نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے سوال کیا کہ کیا آپ پُرامید ہیں؟

حمزہ شہباز نے جواب دیا کہ ان شاء اللّٰہ، اللّٰہ کی ذات بہتر کرے گی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔

صحافی نے ان سے سوال کیا کہ رانا ثناء اللّٰہ کہہ رہے ہیں کہ 50 سے زائد ارکان ووٹ نہیں دیں گے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ جس بندے نے ساری زندگی سچ نہیں بولا اس کا ذکر مت کریں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کل جو فیصلے ہوئے ہیں ان شاء اللّٰہ ان پر عمل ہو گا۔

ایک صحافی نے مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی سے سوال کیا کہ آپ کے مخالفین کہہ رہے ہیں کہ ق لیگ کے ووٹ حمزہ شہباز کو جائیں گے؟

مونس الہٰی نے جواب دیا کہ ق لیگ کے ووٹ حمزہ شہباز کو کیسے جائیں گے، جوکہہ رہا ہے کہ ق لیگ کے ووٹ حمزہ شہباز کو جائیں گے وہ پاگل ہے۔

پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر حسن مرتضیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور چوہدری شجاعت کے درمیان ملاقات بہتر ماحول میں ہوئی۔

حسن مرتضیٰ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ آصف زرداری اور چوہدری شجاعت کی ملاقات کا اچھا نتیجہ نکالے گا۔

ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف کے پاس 188 ارکان جبکہ مسلم لیگ ن کو 179 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

2 ارکان دوست مزاری اور چوہدری مسعود ملک اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔

ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری ہی آج کے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے آج کے اسمبلی کے اجلاس کے لیے چیف سیکر ٹری اور آئی جی پنجاب سے سیکیورٹی مانگ لی۔

پنجاب اسمبلی میں مہمانوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے، میڈیا پریس گیلری سے کوریج کرے گا، موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.