سابق صدر آصف علی زرداری نے 18 ویں ترمیم کی منظوری کے دن پر کہا ہے کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں۔
ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کے دن آئین کو آمروں کی طرف سے کی گئی ترامیم سے پاک کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کو خودمختاری دینے سے وفاق مستحکم ہوا ہے، 18ویں آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے درمیان ایک میثاق ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں کا 1973 کے آئین پر اعتماد باعث اطمینان ہے۔
سابق صدر نے کہا کہ آئین شکنوں نے 1973 کےآئین کے بانی کو قتل کیا مگر آئین کو ختم نہیں کرسکے، آئین کی اصل صورت میں بحالی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ 18 ویں ترمیم تاریخِ پاکستان کا روشن باب ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 19 اپریل 2010ء کو سابق صدر آصف علی زرداری نے ایگزیکٹو اختیارات پارلیمان کو دیے۔
Comments are closed.