پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ 17 جولائی کے بعد عوام کے لیے بجلی فری کریں گے، اگلے چند دن میں وزیراعظم شہباز شریف عوام کو بڑا ریلیف دیں گے۔
شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب میں سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان ڈیڑھ، ڈیڑھ گھنٹہ جھوٹ بولتے ہیں، گالیاں دیتے ہیں، لوگوں کے نام بگاڑتے ہیں، لیکن عمران خان اپنی کارکردگی نہیں بتا سکتے، چار سال میں فتنہ خان نے ایک منصوبہ نہیں لگایا۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم عوام کی امیدیں کبھی ٹوٹنے نہیں دیں گے، نواز، شہباز عوام کے گھر بھی روشن کریں گے اور فتنہ خان کے 14 طبق بھی روشن کریں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ طیبہ گل کو انصاف دینے کے بجائے ڈیڑھ مہینہ پی ایم ہاؤس میں حبس بے جا میں رکھا، پرائم منسٹر ہاؤس کو فتنہ خان نے بلیک میلنگ کا اڈا بنا لیا، عمران خان نے طیبہ گل سے ویڈیوز لے کر چئیرمین نیب کو بلیک میل کیا، عوام 17 جولائی کو عمران خان کی سیاست دفن کر دیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی تکلیف مجھے پتہ ہے، فتنہ خان جانتا ہے کہ ن لیگ کی حکومت اگلے الیکشن تک اس کی سیاست ختم کر دے گی، چند مہینوں میں ن لیگ عوام کو مشکلات سے نکال لے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب فتنہ خان کو کیوں ووٹ دے گا؟ پنجاب غریب ہو گیا، پنکی پیرنی اور فرح گوگی ارب پتی ہو گئے، فتنہ خان پنجاب کی مفت بجلی کے خلاف عدالت پہنچ گیا، عوام کو ریلیف مل رہا ہے لیکن فتنہ خان عدالت پہنچ گیا، فتنہ خان نے جو نوالہ کھینچا، پنجاب اسے معاف نہیں کرے گا۔
Comments are closed.