15 سال کی شادی کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور اہلیہ سوفی کا علیحدگی کا اعلان

جسٹن ٹروڈو، اہلیہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

  • مصنف, جیسکا مرفی
  • عہدہ, بی بی سی نیوز، ٹورانٹو

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور اُن کی اہلیہ سوفی نے شادی کے 15 سال بعد علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔

کینیڈین وزیراعظم اور ان کی اہلیہ نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے باوجود ان میں محبت اور احترام کا رشتہ برقرار رہے گا۔

اُن کی شادی سنہ 2005 میں مونٹریال میں ہوئی تھی اور اُن کے تین بچے ہیں۔

ایک بیان میں جسٹن ٹروڈو کے دفتر نے کہا کہ جوڑے نے علیحدگی کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں تاہم وہ اب بھی عوامی تقریبات میں اکھٹے نظر آئیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ انھوں نے اپنے فیصلے کے حوالے سے تمام قانونی اور اخلاقی اقدامات اٹھا لیے ہیں اور آگے بڑھتے ہوئے وہ ایسا کرتے رہیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ اگلے ہفتے ایک خاندان کے طور پر چھٹی منانے جائیں گے۔

کینیڈا میں رائج قوانین کے مطابق تعلقات کے خاتمے کے بعد جب کوئی جوڑا ایک دوسرے سے علیحدہ رہنا شروع کر دیتا ہے تو اسے ’علیحدگی‘ کہا جاتا ہے۔ جبکہ طلاق اس وقت واقع ہوتی ہے جب عدالت باقاعدہ طور پر کسی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کر دے۔

تصویر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

جوڑے نے کہا ہے کہ ان کے بچوں کی ’بہبود‘ کی خاطر ان کی پرائویسی کا خیال رکھا جائے۔ جسٹن ٹروڈو اور سوفی کے تین بچے ہیں، 15 سالہ زیویئر، 14 سالہ ایلا کریس اور نو سال کی ہیڈرین۔

جسٹن ٹروڈو اور سوفی گریگوئر ٹروڈو نے کہا ہے ’ہم ایک دوسرے کے لیے گہری محبت اور احترام کے ساتھ ایک قریبی فیملی رہیں گے اور ہر چیز کے لیے جو ہم نے بنایا ہے اور بناتے رہیں گے۔‘

یہ بھی پڑھیے

مواد پر جائیں

ڈرامہ کوئین

ڈرامہ کوئین

’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا

قسطیں

مواد پر جائیں

حالیہ برسوں میں انھیں عوامی منظرنامے پر کم ہی اکٹھے دیکھا گیا ہے۔ لیکن انھوں نے مئی میں شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی میں ایک ساتھ شرکت کی تھی اور مارچ میں کینیڈا میں امریکی صدر جو بائیڈن کی میزبانی بھی اکھٹے ہی کی تھی۔

جب جسٹن ٹروڈو 2015 میں پہلی بار وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے تو یہ جوڑا ووگ میگزین میں نظر آیا تھا جہاں سوفی نے بتایا کہ پہلی ملاقات کے بعد ڈنر کے اختتام پر جسٹن ٹروڈو نے کہا، ’میں 31 سال کا ہوں اور میں 31 سال سے تمہارا انتظار کر رہا تھا۔‘

مئی 2022 میں انسٹاگرام پر شادی کی سالگرہ کی پوسٹ میں سوفی گریگوئر ٹروڈو نے شادی کے بعد جوڑوں کی زندگیوں میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں لکھا تھا۔

جسٹن ٹروڈو نے اپنی 2014 کی سوانح عمری میں اپنی ازدواجی زندگی میں پیش آنے والے مشکلات کے بارے میں بھی بات کی تھی۔ ’ہماری شادی پرفیکٹ نہیں ہے اور ہمیں نشیب و فراز کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پھر بھی سوفی میری بہترین دوست، میری ساتھی، میری محبت بنی رہی ہے۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ سچ بات کرتے ہیں چاہے وہ تکلیف دہ ہو۔‘

دونوں نے 2003 میں ڈیٹنگ شروع کی تھی جب سوفی میڈیا سے منسلک تھیں۔ وہ ذہنی صحت کے بارے میں اپنے فلاحی کاموں کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔

جسٹن ٹروڈو کینیڈا کے دوسرے وزیراعظم ہیں جنھوں نے وزیر اعظم آفس میں رہتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کیا۔ اس سے پہلے ان کے والد پیری ایلیٹ ٹروڈو اور والدہ مارگریٹ ٹروڈو وہ جوڑا تھا جنھوں نے چھ سال ایک ساتھ رہنے کے بعد 1977 میں علیحدگی کا اعلان کیا۔ بعد میں ان کی طلاق ہو گئی تھی۔

BBCUrdu.com بشکریہ