وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا ہے کہ 14 مئی کو الیکشن نہیں ہوں گے جتنا مرضی زور لگائیں۔ الیکشن اکٹھے ہوں گے، کیئر ٹیکر سیٹ اپ کے تحت اسی سال ہوں گے، اگر مئی میں نہیں ہوتے الیکشن تو اکتوبر بھی زیادہ دور نہیں ہے۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جو لوگ پچھلے 4 سال حکومت میں رہے کوئی ایک کام بتائیں جو انہوں نے کیا، اس فتنے کو سازش کے ذریعے مسلط کیا گیا، ان لوگوں نے 4 سال میں ایسی پالیسی اپنائی ملک میں بحرانی کیفیت ہوئی، کہتا تھا خود کشی کر لوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے پر ہم نے نہیں فتنے کی حکومت نے دستخط کیے، پچھلی حکومت کے معاہدے کی وجہ سے ہی مشکلات ہیں، نواز شریف کے دور میں دہشتگردی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات مقررہ وقت پر اسی سال ہوں گے، انہوں نے 4 سال میں جو کیا آپ کے سامنے ہے، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا کہا گیا کہاں ہیں نوکریاں؟ کوئی گھر نظر نہیں آرہا، کہا گیا 50 لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ جیسے ہی الیکشن شروع ہوگا نواز شریف پاکستان تشریف لائیں گے، نواز شریف نے ہر بار ملک کو بحرانوں سے نکالا، پی ٹی آئی حکومت نے حلقے میں کوئی ایک ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا، جلد عام آدمی کے حالات بہتر ہوں گے اور ملک ترقی کرے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ خان نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر معاہدے کرکے مشکلات پیدا کیں، فتنہ خان اور اس کے ٹولے نے پاکستان کو دیوالیہ کرنے کی کوشش کی۔
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہنے والوں کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ حلقے کے عوام نے ہر بار مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا، 2018 میں میرے حلقے کو 3 جگہ تقسیم کیا گیا، ہم نے لوگوں کی خدمت کی تھی ان کا مقصد تھا کہ ہمیں کمزور کیا جائے، آج میرے پاس کوئی عہدہ ہے تو وہ آپ کی خدمت کی وجہ سے ہے۔
Comments are closed.