بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

12ربیع الاول: درود و سلام کی صدائیں، جلوسوں کی شروعات

ملک کے مختلف شہروں میں محبوبِ خدا حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا دن انتہائی عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، چھوٹے بڑے شہروں میں آج جلوس نکالے جا رہے ہیں، نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔

گزشتہ شب شہر شہر گلی گلی چراغاں کیا گیا، مسجدوں، گھروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، نعتوں کی محفلیں منعقد کی گئیں، درود و سلام کی صدائیں ہر سو گونجتی رہیں، لنگر، آبِ زم زم اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

گوجرانوالہ میں 100 من کھیر کی دیگ پکائی گئی، منڈی بہاءالدین میں ڈیڑھ سو من شربت تیار کیا گیا۔

دن کے آغاز پر وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔

کراچی میں 40 سے زائد علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے جو جشنِ میلاد کے مرکزی جلوس کا حصہ بنیں گے۔

راولپنڈی میں بھی جشنِ عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ 

شہریوں نے شاہراہوں، مساجد، عمارتوں اور کاروباری مراکز کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجایا ہے۔

راولپنڈی میں 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس کا آغاز مرکزی جامع مسجد روڈ سے ہو گا، جلوس کا افتتاح پیر نقیب الرحمٰن، انجمن تاجران اور دیگر افراد کریں گے۔

جلوس وارث خان، مری روڈ، کمیٹی چوک، بوہڑ بازار، باڑہ بازار، فوارہ چوک سے ڈنگی کھوئی پہنچے گا۔

جلوس ڈنگی کھوئی سے جامع مسجد روڈ اور رات گئے دوبارہ مرکزی جامع مسجد پہنچ کر ختم ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دو جہاںؐ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔

جلوس کی سیکیورٹی پر 2700 ضلعی پولیس کے اہلکار فرائض سر انجام دیں گے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس کے 513 اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

راولپنڈی میں جلوس کے روٹ پر نعت خوانی کے لیے اسٹیج بھی بنائے گئے ہیں، جہاں ثناء خوان بارگاہِ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔

شہری کہتے ہیں 12 ربیع الاول عقیدت و احترام کا دن ہے، جشن عیدِ میلاد النبی بھرپور طریقے سے منائیں گے۔

جشنِ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد گزشتہ روز بھی جاری رہا۔

گھروں اور مساجد میں حضرت محمد ﷺ پر درود و سلام اور نعت خوانی کی  محافل کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.