بدھ 26؍صفر المظفر 1445ھ13؍ستمبر 2023ء

10 سالہ فاطمہ کا قتل، کراچی میں فیاض شاہ کے بھائی کے گھر چھاپا

رانی پور میں 10 سالہ بچی فاطمہ کے قتل میں نامزد ملزمان حنا شاہ اور فیاض شاہ کی تلاش کیلئے پولیس نے کراچی کے علاقے ڈیفنس میں چھاپا مارا، تاہم کوئی گرفتاری نہیں ہو سکی۔

رانی پور کی 10 سال کی بچی فاطمہ قتل کیس میں خیرپور پولیس نے کراچی پولیس کے ہمراہ ڈیفنس خیابان شمشیر میں چھاپہ مارا۔

پولیس نے مرکزی ملزم اسد شاہ کو کراچی سے خیرپور منتقل کر دیا، ملزم اسد شاہ کو دوبارہ ڈی آکسی رائبو نیوکلک ایسڈ (ڈی این اے) ٹیسٹ کیلئے کراچی لے جایا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پولیس کو فاطمہ قتل کیس میں نامزد ملزمان حنا شاہ اور فیاض شاہ کی تلاش تھی۔ تاہم چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق چھاپہ فیاض شاہ کے بھائی نیاز شاہ کے گھر پر مارا گیا۔ 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گرفتاری کے خوف سے اپنے موبائل فونز بند رکھے ہوئے تھے، تکنیکی سپورٹ کی مدد سے تحقیقات کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 14 اگست کو رانی پور کی حویلی میں 10 سالہ ملازمہ بچی کی مبینہ تشدد سے ہلاکت ہوئی تھی۔ جیو نیوز پر معاملہ سامنے آنے کے بعد مرکزی ملزم اسد شاہ کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ بچی کی موت سے قبل اس کی تڑپنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔

بچی کی ماں نے ابتدائی بیان دیا تھا کہ بچی کی موت طبعی ہے۔ پولیس نے اسی بیان پر اکتفا کر کے نہ بچی کا میڈیکل کروایا، نہ پوسٹ مارٹم کروایا۔ الٹا بچی کی لاش کو تدفین کےلیے والدین کے حوالے کردیا۔

بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات کی ویڈیوز سامنے آئیں تو پولیس کے اعلیٰ حکام نے نوٹس لیا اور اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) رانی پور کو لاپرواہی پر معطل کردیا گیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.