پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ چاہتا ہوں دنیا بھر میں ہرے پاسپورٹ کی عزت ہو، یہ نہ ہو ہمارا وزیراعظم باہر جا کر ہمیں شرمندہ کروائے۔
چن دا قلعہ بائی پاس پر مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ گوجرانوالہ پہلوانوں اور دلیر لوگوں کا شہر ہے، پورے گوجرانوالہ میں حقیقی آزادی کا پیغام لے کر جاؤں گا، نہ میں آج تک کبھی کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ ہی کسی کے سامنے آپ کو جھکنے دوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ ساڑھے 3 سال کوشش تھی کہ اپنی قوم کی غیرت کو اٹھاؤں، پاکستان سے باہر جاتا تھا تو آپ مجھے کبھی سوٹ پینٹ پہنے نہیں دیکھتے تھے، شلوار قمیض پہن کر جاتا تھا، میں کسی کا ذہنی غلام نہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ جو امریکی غلام بٹھائے ہیں، جو اپنے فیصلے نہیں کر سکتے، جو باہر جاکر ہمیں شرمندہ کرواتے ہیں، ہم غیرت مند قوم ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جو اللّٰہ کے سامنے جھکتا ہے، وہ کسی کے سامنے نہیں جھکتا، حقیقی آزادی، بیرونی آقاؤں سے آزاد کرنا ہے، ظلم کے نظام سے آزاد کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ با شعور قوم اپنا اچھا برا سمجھ چکی ہے، غلامی کی زنجیریں توڑنے کیلئے تیار بیٹھی ہے، زنجیریں خود نہیں ٹوٹتیں، توڑنی پڑتی ہیں، آزادی کوئی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیتا، آزادی چھیننی پڑتی ہے، ہم تباہی کے کنارے پر کھڑے ہیں، کیونکہ بڑے ڈاکوؤں کی باری باری اربوں کی چوری معاف کردی گئی ہے۔
Comments are closed.