پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جمعے کو حقیقی آزادی کیلئے جہاد کیلئے نکل رہا ہوں، یہ قوم تمہاری حرکتوں سے نہیں ڈرے گی، ہم تمہارا مقابلہ کریں گے۔
سیالکوٹ میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جو جو لوگ ظلم کر رہے ہیں، ہم ان سب کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ امریکا کے نوکروں کو ہم پر مسلط کیا گیا، چوروں کو شکست دے کر ملک کو حقیقی آزادی دلوانا چاہتے ہیں، پرانے اور نئے کارکن سب اکٹھے ہو جائیں، یہ نہ کرسی کی جنگ ہے اور نہ سیاست ہو رہی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ساری قربانیاں ضائع ہو جائیں گی اگر چوروں کا ٹولہ اوپر بیٹھا رہا، جمعے کو لاہور سے نکلوں گا، یہ پاکستان کی سب سے بڑی آزادی کی تحریک ہوگی، تب تک جدوجہد کریں گے جب تک قوم کو اپنی قیادت منتخب کرنے کا حق نہیں ملتا، ہم امریکی غلاموں کو ملک پر مسلط ہونے نہیں دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جن لوگوں نے اعظم سواتی کے ساتھ یہ سلوک کیا ان کو کٹہرے میں لائیں گے، سوشل میڈیا کے بچوں کو اٹھایا جا رہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نہیں، آپ سب مل کر پاکستان کو بچائیں گے، سیالکوٹ سے جاؤں گا یا سیالکوٹ مجھے ملنے آئے گا، میرا دل کہہ رہا ہے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی آزادی کی تحریک ہوگی۔
Comments are closed.