امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کا آغاز انڈوں اور مرغی سے شروع کیا گیا، 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں تو نہیں دیں، یہ بتادیں آپکی مرغیوں نے کتنے انڈے دیے اور کٹے، بکریاں گائے کہاں گئیں۔
لاہور میں مہنگائی کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ چور کے مقابلے کے لیے صادق اور امین کا ہونا ضروری ہے، ان کی معاشی، تعلیمی پالیسیاں ناکام ہوچکی ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے نظام اور حکمرانوں کو بدلنا ہے، اسلامی نظام کے علاوہ اس وقت کوئی حل نہیں ہے، فیک نیوز پر تو پانچ سال کی سزا ہے، فیک حکومت پر کتنی سزا ہونی چاہیے، مسائل کی اصل جڑ حکومت ہے، جعلی نظام اور ایوان کو بدلنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے یوکرین سے پاکستانیوں کو نکالنے کے لیے کیا کیا؟ کرپٹ ٹولے کی موجودگی میں پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، کرپٹ ٹولے کبھی ایک تو کبھی دوسرے نام سے لوٹنے کے لیے سیاست میں آتے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ کرپٹ ٹولہ عوام کا خون نچوڑ کر مستقبل تباہ کرتا، ہمارا کاشتکار بھوکا سوتا ہے اس کو کھیت کے لیے یوریا نہیں ملتا، ڈی اے پی کھاد سونے کی طرح ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نااہل لوگ مسلط ہیں، کارخانوں کے بجائے لنگر خانے بنائے گئے، اندھے بہرے گونگے حکمران عوام پر مسلط ہیں، مسائل کی جڑ پی ٹی آئی حکومت ہے۔
Comments are closed.