مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان ہواس باختہ انسان ہیں، حواس باختہ ہوکر قوم سے خطاب کیا، حقائق پر ان کی معلومات درست نہیں، یہ اپنا تھوکا ایک ایک کرکے چاٹیں گے، ریاست کی رٹ کو بالکل فارغ کردیا ہے۔
لاہور کی احتساب عدالت کے باہر خواجہ آصف کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعظم کو سمجھ بوجھ ہی نہیں کہ کل قوم کو اعتماد میں لیتے ،انہیں علم ہی نہیں کہ سلمان رشدی نے جب کتاب لکھی اس وقت وزیراعظم کون تھا۔
رانا ثناء نے کہا کہ تحریک لبیک سے وعدہ کیا گیا معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے، یہ فرانس کے سفیر کو نکالنے کے وعدے کا معاملہ پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لائے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ اپنے طور پر کیا،اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا اے پی سی بلانی چاہیے تھی،یہ معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کو تیار ہیں نہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کو،اپوزیشن کے خلاف پراپیگنڈے اور نفرت سے حکومت نہیں چلائی جاسکتی۔
رانا ثناء نے کہا کہ یہ 5 ماہ میں معاہدہ پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لائے، پارلیمنٹ تحریک لبیک کے لوگوں سے بات کرتی، سمجھانے والی بات سمجھائی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو معاہدے تک انتظار کرنا چاہیے تھا پھر ایکشن کرتے، ایک دن میں 10 سانحۂ ماڈل ٹاؤن کر دیئے،تم بھی تو ڈی چوک پر 226 دن بیٹھے رہے ان کو بھی بیٹھے رہنے دیتے، یہ خود سڑکیں بلاک کرتے رہے ہیں، ایسی تقاریر کرتے رہے ہیں، ان کے خلاف کسی نے طاقت کا استعمال نہیں کیا تھا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ معاہدے سے 10 دن قبل آپ نے گرفتاریاں شروع کر دیں، 20 اپریل سے قبل سعد رضوی کو کیوں گرفتار کیا گیا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اسٹیٹمنٹ جاری کیا گیا ہے، جے یو آئی اور مسلم لیگ نون نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے معاہدہ کیا ہے تو اسے پورا کرنا چاہئے، معاہدے میں تین وزراء اور وزیر داخلہ کے دستخط ہیں۔
Comments are closed.