بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

یو اے ای: ابوظبی، دبئی میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے تقاریب

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دارالحکومت ابوظبی اور تجارتی مرکز دبئی میں یومِ پاکستان کی مناسب سے تقاریب منعقد ہوئیں، جہاں امارات میں مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔ 

ابوظبی میں ہونے والی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے مندوب سفیر افضال محمود نے کہا کہ 23 مارچ یومِ پاکستان جیسے فقیدالمثال دن پر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کو مبارکباد پیش کرنا میرے لیے اعزاز اور باعث مسرت ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ وہ یادگار دن ہے جس پر ہمارے بزرگوں نے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا، جہاں ہم اور آنے والی نسلیں اپنی مرضی اور امنگوں کے مطابق آزاد زندگی گزار سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب 14 اگست 1947 کو وطنِ عزیز پاکستان ایک آزاد ریاست کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر ابھرا تو ہمارے بزرگوں کا خواب چند سالوں میں ہی سچ ثابت ہوگیا، وطن عزیز پاکستان کا معرض وجود میں آنا قائدِ ملت قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی ان تھک جدوجہد ان کی سیاسی بصیرت اور اعلیٰ قیادت میں ہمارے آباء و اجداد کی قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا۔

افضال محمود نے کہا کہ اس پیارے وطن کے لیے ہمیں ہر لمحہ اللّٰہ تعالیٰ کے حضور شکریہ ادا کرنا چاہیے، اس موقع پر ہم بابائے ملت قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور تحریک پاکستان کے شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے بہتر مستقبل کے لیے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کیے اور اس چمن کی آبیاری اپنی لہو سے کی۔

تقریب کے دوران صدر مملکت پاکستان عارف علوی، وزیرِاعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔

پاکستانی مندوب افضال محمود نے کہا کہ اگرچہ ہم نے اپنے ملک کی مختصر تاریخ کے دوران بہت کچھ حاصل کیا ہے مگر ایک عظیم قوم کے طور پر پہچاننے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، حکومت پاکستان اپنے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔

انہوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کی راہ میں آنے والے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمارا متحد ہونا اور نظم و ضبط وقت کا اہم تقاضاہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہماری سفارتی ٹیم پاکستانی برادری کے مفاد کو فروغ دینے کے لیے کمیونٹی کے ساتھ مل کر ہمہ وقت کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستانی مندوب نے یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ اپنے ملک کی خدمت کرتے ہوئے اماراتی ترقی کے لیے بھی پوری ذمہ داری اور عزم کا مظاہرہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو دونوں برادر ممالک کے مابین ایک بھائی چارے کا پل سمجھتے ہیں اور دونوں فریقین کے باہمی مفاد میں مشترکہ تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے حوالے سے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے حکومت سے حکومت اور عوام سے عوامی سطح پر متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعاون کو جاری رکھیں گے، اللّٰہ تعالیٰ ہمیں اپنے ملک اور پاکستانی برادری کو بھرپور خدمت کرنے کی توفیق عطاء کرے۔

ادھر یو اے ای کے تجارتی مرکز دبئی میں ہونے والی تقریب کے دوران قونصل جنرل آف پاکستان دبئی و شمالی امارات جناب احمد امجد علی نے کہا کہ یوم پاکستان وطن عزیز کی تاریخ میں ایک یادگار اور ناقابلِ فراموش دن ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ وہ تاریخی دن تھا جس پر برصغیر کے مسلمانوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت میں 23 مارچ 1940ء کو لاہور میں ’قرارداد پاکستان‘ منظور کی اور اس قرارداد کی بدولت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے الگ وطن تیار کرنے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا جس میں وہ اپنی زندگی کو امن اور ہم آہنگی کے ساتھ گزار سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے خوبصورت وطن کی تخلیق میں ان کی جدوجہد اور قربانیوں پر اپنے اباء و اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

اس تقریب سے بھی صدرِ مملکت پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

قونصل جنرل احمد امجد علی نے متحدہ عرب امارات اور دنیا کے دیگر حصوں میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کلیدی کردار اور شراکت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ  متحدہ عرب امارات میں تقریباً 1.6 ملین پاکستانی رہتے ہیں جو پاکستان سے باہر دوسری بڑی تارکین وطن کمیونٹی ہے جو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ترقی کے لیے اپنی لگن، محنت اور عزم کے ذریعے بے حد تعاون کیا ہے اور کر رہے ہیں۔

قونصل جنرل دبئی کا کہنا تھا کہ ہمارے قومی دن کے موقع پر میں اپنے فیاض اور فراخ دل میزبان متحدہ عرب امارات کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جن کے ساتھ ہماری مثالی برادرانہ تعلقات ہیں۔

انھوں نے اس تاریخی دن کے موقع پر پوری دنیا کو مشکل میں ڈالنے والی کورونا وباء کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس وباء نے پوری دنیا کو اپنے لپیٹ میں لے لیا ہے۔

انھوں نے متحدہ عرب امارات میں بسنے والی پاکستان برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور وقتاً فوقتاً متحدہ عرب امارات حکومت کی جاری کردہ احکامات پر بھرپور عمل درآمد کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وباء پر قابو پانے اور یو اے ای میں بسنے والے تمام تارکین وطن کو ویکسین لگانے کے مساوی مواقع فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات کی کاوشوں اور حکمتِ عملی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

قونصل جنرل آف پاکستان دبئی احمد امجد علی نے کہا کہ میں دبئی اور شمالی امارات میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت پاکستان وطن عزیز کی ترقی میں بیرونِ ملک پاکستانی برادری کی جانب سے خدمات اور کردار کو پوری طرح تسلیم کرتی ہے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ دبئی میں پاکستانی قونصل خانہ پاکستانی برادری کی بہتری اور مسائل کے فی الفور حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا اور وطن عزیز کے سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ بلند رکھنے کے لیے اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئیں! آج ہم پاکستان کو عظمت کی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اعادہ کریں، جو ہمارے آباء و اجداد کا تصور تھا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنے پیارے وطن کی پُرخلوص خدمت کرنے کی توفیق عطا کرے اور پاکستان کو مزید ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.