معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کا کہنا ہے کہ یوکرین میں ان کی کمپنی کےاسٹار لنک نیٹ ورک کو امریکا نے کسی قسم کی فنڈنگ نہیں کی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایلون مسک نے اسپیس ایکس کی اسٹار لنک سروسز کو امریکی محکمۂ دفاع سے فنڈز موصول ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
ایلون مسک نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ’اسپیس ایکس کو بلا معاوضہ سروسز اور سائبر وار ڈیفنس کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے پر ماہانہ تقریباً 20 ملین ڈالر کا نقصان ہورہا ہے، لیکن ہم یہ برداشت کرتے رہیں گے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اسپیس ایکس کو امریکی محکمۂ دفاع کی طرف سے کوئی رقم نہیں ملی ، لیکن کئی دوسرے ممالک، تنظیمیں اور افراد 11kسے 25k ٹرمینلز کے لیے ادائیگی کر رہے ہیں‘۔
ٹیسلا کے چیف کا کہنا ہےکہ اسپیس ایکس یوکرین میں اپنی سیٹلائٹ سروسز کو برقرار رکھنے کے لیے ماہانہ تقریباً 20 ملین ڈالر خرچ کرتا ہے اور کمپنی اب تک وہاں اپنے اسٹار لنک نیٹ ورک کو فعال کرکے ان کی مدد کرنے کے لیے تقریباً 80 ملین ڈالر خرچ کیے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پینٹاگون یوکرین میں خدمات کی ادائیگی کے لیےاسپیس ایکس کو فنڈز دینے پر غور کررہا ہے۔
Comments are closed.