یوکرین میں پاکستانیوں کے انخلاء سے متعلق سفارت خانے کا اہم بیان سامنے آگیا، جس کے مطابق یوکرین میں موجود 600 سے 700 کے درمیان طلبا کا انخلا جاری ہے۔
پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ یوکرین کےمختلف شہروں میں دو تین دنوں سے رات کا کرفیو نافذ ہے، پاکستانیوں کو پولینڈ، ہنگری، سلواکیا اور رومانیہ منتقل کیاجارہا ہے۔
سفارت خانے کا کہنا ہے کہ یوکرین میں سفارتی عملہ پڑوسی ملکوں میں پاکستانی مشنز سے رابطہ کر رہا ہے، یوکرین سے تمام پاکستانیوں کے جلد از جلد انخلا کی ہرممکن کوششیں جاری ہیں۔
پاکستانی سفیر ڈاکٹر نویل کھوکھر نے کل یوکرینی حکام سے رابطہ کیا، جبکہ سفارتخانے نے کمانڈر یوکرین پولینڈ بارڈر سے ملاقات کی درخواست کی ہے، ملاقات میں یوکرین سرحد پر پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔
پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ 156 کے قریب پاکستانیوں کا یوکرین سے انخلا ہوچکا ہے، ان میں طلبا، پاکستانی کمیونٹی اور سفارتی عملے کے اہل خانہ شامل ہیں جبکہ 378 پاکستانی یوکرین ہنگری سرحد پر اور 6 پاکستانی یوکرین پولینڈ سرحد پر موجود ہیں۔
Comments are closed.