
یورپین کمیشن نے یوکرین، مالدووا اور جارجیا کو یورپین یونین کا حصہ بنانے کی ابتدائی سفارش کردی۔
سفارش میں یورپین کمیشن نے یورپین کونسل سے کہا ہے کہ وہ ان تینوں ممالک کے یورپین یونین کے رکن بننے کے نقطہ نظر کی تصدیق کرے اور انہیں امیدوار کا درجہ دینے کے بارے میں اپنی رائے فراہم کرے۔
اس حوالے سے مزید اعلان یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین سمیت دونوں ممالک یورپین پرسپیکٹیو کے حقدار ہیں، اس حوالے سے ان کے لیے آج ہمارا پیغام واضح ہے کہ ان ممالک کو یورپین یونین میں شمولیت کے ایک امیدوار ملک کے طور پر خوش آمدید کہا جانا چاہیے۔
یوکرین کی یورپین یونین میں شمولیت کی سفارش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوکرین کے عوام یورپین یونین میں شمولیت کے لیے جانیں دے رہے ہیں، آج ہم انہیں کہہ رہے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ ملکر شمولیت کے اس خواب کے ساتھ زندہ رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پر بہت سا کام ہو چکا ہے لیکن ابھی بھی بہت سا کام رہتا ہے کیونکہ شمولیت کا یہ سارا کام میرٹ پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات میں دس دن قبل اپنے یوکرین کے دورے میں یوکرین کے صدر اور وزیراعظم کو بتا چکی ہوں۔
دوسری جانب یورپین کمیشن نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ یوکرین، مالدووا اور جارجیا کی یورپین یونین میں شمولیت کی مضبوط اور جائز خواہش ہے، آج ہم انہیں ان کی امنگوں میں حمایت کا واضح اشارہ بھیج رہے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق یورپین یونین کی جانب سے شمولیت کی یہ سفارش ہم اپنی یورپین اقدار اور معیارات پر مضبوطی سے قائم رہتے ہوئے کر رہے ہیں۔
یہ ان ممالک کے عوام کے لیے ایک تاریخی دن ہے، ہم تصدیق کرتے ہیں کہ یہ کام اپنے وقت پر ہو جائے گا۔ اب اگلے تمام اقدامات رکن ممالک کے ہاتھ میں ہیں۔
Comments are closed.