یوٹیوب پر ’بچوں کی پرورش کی ماہر‘ اپنے بچوں پر تشدد کے الزام میں گرفتار
روبی فینک (دائیں) اور جوڈی نان ہلڈبرینڈ (بائیں)
- مصنف, میڈلین ہالپرٹ
- عہدہ, بی بی سی نیوز، نیویارک
اپنی ویڈیوز کے ذریعے والدین کو بچوں کی پرورش کے متعلق مشورے دینے والی امریکی خاتون کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ انھیں غذائی قلت کا شکار بیٹے کے گھر سے فرار ہونے کے بعد بچوں سے بدسلوکی کے الزامات کا سامنا ہے۔
روبی فرینک اور ان کی کاروباری پارٹنر جوڈی نان ہلڈبرینڈ کو اس ہفتے آئیونز، یوٹاہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔
حکام نے روبی فرینک کی 10 سالہ بیٹی کو بھی ان کی بزنس پارٹنر کے گھر میں غذائی قلت کی حالت میں پایا۔
دونوں خواتین پر جمعہ کو بچوں سے بدسلوکی کے چھ الزامات لگائے گئے۔
بی بی سی نے تبصرے کے لیے روبی فرینک اور جوڈی نان ہلڈبرینڈ سے رابطہ کر رکھا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ روبی فرینک کا 12 سالہ بیٹا کھڑکی سے فرار ہوا اور کھانا اور پانی مانگنے کے لیے پڑوسی کے گھر پہنچا۔
سانتا-کلارا آئیونز پبلک سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے ایک بیان کے مطابق انھیں بلانے والے پڑوسی نے بتایا کہ ’نوجوان کمزور اور غذائیت کی قلت کا شکار دکھائی دیتا ہے اور اس کے کھلے زخموں اور اعضا کے گرد ڈکٹ ٹیپ لگی ہوئی ہے۔‘
محکمے نے کہا، ’ وہاں پہنچنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے (لڑکے) کے زخموں کو دیکھا اور اسے شدید غذائی قلت کا شکار پایا۔‘
لڑکے کو ہسپتال لے کر جانا پڑا کیونکہ ’رسی سے باندھے جانے کی وجہ سے وہ زخمی تھا اور غذائی قلت کا شکار تھا۔‘
روبی فرینک کی 10 سالہ بیٹی کو بھی ہسپتال لے جایا گیا۔
بیان کے مطابق اس واقعے کے بعد حکام نے سرچ وارنٹ حاصل کیا اور مجموعی طور پر چار بچوں کو فیملی اینڈ چائلڈ سروسز کے حوالے کر دیا۔
جمعے کو یوٹاہ میں واشنگٹن کاؤنٹی کے عہدیداروں نے روبی فرینک اور جوڈی نان ہلڈبرینڈ پر باضابطہ طور پر فرد جرم عائد کی۔
ان پر الزام ہے کہ انھوں نے دو بچوں کے ساتھ تین قسم کی مبینہ بدسلوکی کی۔ انھوں نے بچوں پر جسمانی تشدد کیا، انھیں غذائی قلت کا شکار کیا اور انھیں جذباتی طور پر نقصان پہنچایا۔
واشنگٹن کاؤنٹی کے حکام نے بتایا کہ ہر الزام ثابت ہونے پر 10 سال تک کی قید اور 10,000 ڈالر تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔
41 سال کی روبی فرینک سن 2015 میں اپنے چینل ’8 پیسنجرز‘ یعنی آٹھ مسافر سے مشہور ہوئیں جس میں وہ اپنے چھ بچوں کی پرورش پر بات کرتی تھیں۔
اس سال کے شروع میں ڈی ایکٹیویٹ ہونے سے پہلے چینل نے دو ملین سے زیادہ سبسکرائبر حاصل کر لیے تھے۔
روبی فرینک کو ماضی میں چینل پر بیان کردہ بچوں کی پرورش کے لیے سخت اقدامات کرنے پر منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جس میں ان کا بیٹا یہ دعویٰ کرتا ہے کہ وہ سزا کے طور پر کئی مہینوں تک بن بیگ پر سوتا رہا اور روبی فرینک نے کھانے سے محروم رکھنے کو تادیبی اقدام کے طور پر بیان کیا۔
بن بیگ کے واقعے نے کچھ ناظرین کو مقامی چائلڈ پروٹیکٹو سروسز کو کال کرنے پر مجبور کیا، روبی فرینک نے انسائیڈر سے بات کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ واقعے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا تھا۔
روبی فرینک، جوڈی نان ہلڈبرینڈ کی ویب سائٹ ’کونیکشنز کلاسروم‘ میں لگائی گئی یوٹیوب ویڈیوز میں بھی نظر آئیں۔
10 مئی 2022 کو پوسٹ کی گئی ایسی ہی ایک ویڈیو میں روبی فرینک نے خود کو جوڈی نان ہلڈبرینڈ کی ’سائیڈ کِک‘ قرار دیا اور سوال کیا کہ اتنے بچے ڈپریشن کا شکار کیوں ہیں۔
انھوں نے کہا، ’میں نے کبھی بھی یہ توقع نہیں کی کہ میری دوسری جماعت میں پڑھنے والی بیٹی گھر آئے اور کہے کہ فلاں کو اینگزائٹی ہے اور فلاں کو ڈپریشن ہے۔ یہ ٹھیک نہیں ہے۔‘
ایک دوسری ویڈیو میں، جس کا عنوان ہے ’بچوں کی سچائی کی طرف رہنمائی کرنا‘، جوڈی نان ہلڈبرینڈ نے ماؤں سے کہا کہ وہ ’یہ سمجھیں کہ اصول ضروری ہیں‘ بچوں کی ’پرسکون اور پرامن‘ زندگی گزارنے کے لیے۔
جوڈی نان ہلڈبرینڈ ایک کاؤنسلر اور لائف کوچ ہیں۔ سالٹ لیک ٹریبیون کی ایک رپورٹ کے مطابق انھیں ایک مریض کی اجازت کے بغیر لوگوں میں ان کے متعلق بات کرنے پر 18 ماہ کے لیے پروبیشن پر رکھا گیا تھا اور ان کا فحش نگاری کی لت سے متعلق معالج ہونے کا لائسنس تقریباً منسوخ ہو گیا تھا۔
امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ روبی فرینکی کی سب سے بڑی بیٹی شاری فرینک نے اپنی والدہ کی گرفتاری کے بعد انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ ’انصاف ملنے پر بہت خوش ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہم برسوں سے پولیس اور چائلڈ پروٹیکٹو سروسز کو اس بارے میں بتانے کی کوشش کر رہے ہیں، اور بہت خوشی ہوئی کہ آخر کار انھوں نے قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔‘
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، روبی فرینک نے وکیل سے رابطے کی درخواست کی ہے اور افسران سے بات نہیں کی۔ جمعرات تک اس وکیل کی عوامی طور پر شناخت نہیں کی گئی تھی۔
Comments are closed.