پاکستانی نژاد کینیڈین یوٹیوبر اور کامیڈین زید علی خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے۔
زید علی نے اپنی انسٹا اسٹوری پر اپنے مداحوں کو آگاہ کیا ہے کہ گزشتہ کچھ دن ان کی زندگی کے مشکل ترین دن تھے۔
اُنہوں نے بتایا کہ کچھ روز قبل وہ ایک خوفناک حادثے کا شکار ہوئے، جس میں ان کے سر پر گہری چوٹ لگی اور وہ اس حادثے میں تقریباً مرنے والے تھے۔
زید علی نے بتایا ہے کہ جب وہ اس حادثے کے بعد ہوش میں آئے تو اُنہیں یہ بتایا گیا کہ وہ بہت خوش قسمت ہیں کہ ان کے سر پر کوئی اندرونی چوٹ نہیں آئی اس لیے وہ بچ گئے۔
زید علی نے لکھا ہے کہ اس وقت میں بہت تکلیف میں ہوں سر پر لگی چوٹ کی وجہ سے کھانے پینے میں دشواری کا سامنا ہے اور مسلسل اُلٹیاں ہو رہی ہیں۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ اس وقت اس تکلیف کی شدت سے نجات حاصل کرنے کے لیے اللّٰہ سے دعا مانگ رہا ہوں اور ابھی یہ احساس ہوا کہ کئی بار زندگی میں ہم اللّٰہ کی دی ہوئی نعمت صحت کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
زید علی نے اپنی انسٹا اسٹوری میں مزید لکھا ہے کہ صحت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے، اگر آپ صحت مند ہیں تو آپ کے پاس دنیا میں سب کچھ ہے۔
یوٹیوبر نے اپنے مداحوں سے اپنی صحت یابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اُنہیں اپنی معمول کی زندگی کی جانب لوٹنے میں ابھی مزید 10 دن لگ سکتے ہیں۔
Comments are closed.