بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز یووراج سنگھ نے ریٹائرمنٹ کے کئی سال گزرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر سے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔
یووراج سنگھ نے اپنے مداحوں کو ایک بڑی خوشخبری دینے کے لیے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کیا جہاں اُنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی واپسی کا اعلان کیا۔
بھارتی کرکٹر نے اپنے تصدیق انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جوکہ اُن کی جارحانہ بیٹنگ کی مختلف کلپس سے بنائی گئی ہے۔
انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یووراج سنگھ نے کہا کہ ’خدا آپ کی تقدیر کا فیصلہ کرتا ہے، عوام کی فرمائش کو مدنظر رکھتے ہوئے، میں ایک بار پھر سے سال 2022 میں فروری میں میدان میں واپس آؤں گا۔‘
یووراج سنگھ نے کہا کہ ’گراؤنڈ میں واپس آنے سے بہتر کوئی احساس نہیں ہے۔‘
اُنہوں نے اپنے چاہنے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی محبت اور سپورٹ کا بہت شکریہ کیونکہ یہ میرے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔‘
واضح رہے کہ سال 2019ء میں یووراج سنگھ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
یووراج سنگھ نے 40 ٹیسٹ، 304 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے، ان کا شمار ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔
2007 کے عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ میں انہوں نے انگلش فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ کے ایک ہی اوور میں چھ چھکے لگائے تھے جبکہ انہوں نے 2011ورلڈکپ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کے بعد یووراج سنگھ کینسر میں مبتلا ہوئے جس کے بعد انہیں کچھ عرصے کے لیے کرکٹ سے دور ہونا پڑا۔ تاہم صحت یاب ہوکر دوبارہ بھارتی ٹیم میں شامل ہوئے، تاہم ان کی فارم برقرار نہ رہ سکی اور ٹیم میں ان اور آؤٹ ہوتے رہے۔
Comments are closed.