اقوامِ متحدہ میں بچوں کی فلاح و بہبود کے ادارے یونیسیف کی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسیل کی گاڑی کو غزہ جاتے ہوئے حادثہ پیش آیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کیتھرین رسیل کی گاڑی کو حادثہ منگل کو مصر میں پیش آیا جس میں وہ زخمی ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے اسرائیل کا دورہ بھی ملتوی کردیا ہے۔
یونیسیف کے میڈیا کے سربراہ کرٹس کوپر نے بتایا ہے کہ رفح جاتے ہوئے سڑک پر گڑھے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا جس کی وجہ سے گاڑی کھائی میں جاگری اور پلٹ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ یونیسیف کی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسیل کو حادثے میں کافی چوٹیں آئیں جس کی وجہ سے وہ تکلیف میں ہیں تاہم یہ چوٹیں تشویشناک نہیں۔
کرٹس کوپر نے بتایا ہے کہ کیتھرین رسیل نے حادثے کے بعد غزہ کا اپنا دورہ جاری رکھا تاہم ڈاکٹروں نے انہیں احتیاط کا مشورہ دیا جس پر انہوں نے خطے کا اپنا بقیہ دورہ ملتوی کردیا جس میں اسرائیل کا دورہ بھی شامل تھا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے غزہ میں بچوں پر مظالم پر یونیسیف نے مذمت کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔
یونیسیف کی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسیل نے کہا تھا کہ غزہ میں بچوں کی اموات، اغوا اور اسکولوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔
Comments are closed.