ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی آج یوم شہادت حضرت علیؓ عقیدت و احترام سے منایاجارہا ہے۔
ملک بھر آج مجالس عزاء برپا ہوں گی اور ماتمی جلوس برآمد ہونگے، جبکہ کراچی کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا۔
جلوس کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے ہیں اور اس کی گزرگاہ کی طرف آنے والی سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کی گئی ہیں۔
کراچی میں حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ کے یوم شہادت کے سلسلے میں ضمیر الحسن ٹرسٹ کے زیر اہتمام مرکزی مجلس شہادت حضرت علیؓ صبح 10 بجے نشتر پارک میں منعقد ہوگی۔
جس میں سوز خوانی و سلام کے بعد مولانا امین شہیدی مجلس سے خطاب کریں گے، بعد مجلس جلوس علم و تابوت و ذوالجناح برآمد ہوگا۔
جلوس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹس کریں گے، شرکائےجلوس محفل شاہ خراساں سے نمائش چورنگی پہنچیں گے۔
نماز ظہرین مسجد و امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ پر ادا کی جائے گی، نماز ظہرین کے بعد امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
مظاہرے کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
Comments are closed.