سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ملک بھر میں آج یومِ تقدسِ قرآن منایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی کال پر پاکستانی عوام آج قرآن کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے پر ایک آواز ہو کر ملک گیر احتجاج کر رہے ہیں۔
اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں بڑی تعداد میں شہریوں نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی اور عالمی برادری سے قرآن پاک کی بے حرمتی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر وکلا نے بھی ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔
گوجرانوالہ میں مسیحی برادری بھی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئی جبکہ فیصل آباد میں آج وکلا نے ہڑتال کی۔
ملتان میں جماعت اسلامی کی لیبر ونگ نے عیدگاہ سےچوک کچہری تک تحفظ حرمت قرآن ریلی نکالی اور سویڈن واقعےکی پر زور الفاظ میں مذمت کی۔
سرگودھا میں وکلا نے سویڈن واقعے کے خلاف ڈسٹرکٹ بار روم سے احتجاجی ریلی نکالی۔
بہاولنگر میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ اورجماعت اسلامی، لودھراں میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی اور ریلی میں سویڈن حکومت کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔
مظفرگڑھ میں سویڈن واقعے کےخلاف جماعت اسلامی نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔
صوبہ سندھ
کراچی بارایسوسی ایشن کی جانب سے سویڈن واقعے پرعدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا جس کے باعث آج ضلعی عدالتوں میں کیسز کی سماعت نہیں ہوئی۔
شہرِ قائد میں وفاقی اردو یونیورسٹی کےطلبا اور اساتذہ نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس کے علاوہ سکھر میں جماعت اسلامی کےکارکنوں نے پریس کلب کے سامنے ریلی نکالی اور میرپورخاص میں بھی یوم تقدس قرآن کے موقع پر جماعت اسلامی نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی اور نوشکی میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
صوابی میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام سویڈن واقعے کے خلاف ریلی نکالی گئی۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مرکزی عید گاہ سے آزادی چوک تک سویڈن واقعے کےخلاف احتجاج کرنے کے لیے پیدل مارچ کی گئی۔
Comments are closed.