یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی جن کے بچے پاکستان میں ہیں ان کو گروپ فیملی قانون کے تحت ان ممالک میں لانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
یہ بات پاکستان مسلم لیگ ق اٹلی کے چیف آرگنائزر چوہدری آفتاب نے پاکستان روانگی سے قبل ’نمائندہ جنگ‘ سے خصوصی گفتگو میں بتائی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستان میں اٹلی کے سفیر اندریاس فیراریسے پہلے ہی اہم کردار سرانجام دے رہے ہیں۔
چوہدری آفتاب کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق یورپ کے صدر سید خرم رضا کاظمی کی قیادت میں پہلا کام یورپ میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے بچوں کو لانا ہے، دوسری بڑی ترجیح یورپی ممالک اور پاکستان کے درمیان خوش گوار ماحول پیدا کرنا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے یورپی سرمایہ کاروں اور کاروباری لوگوں کو پاکستان لے جا کر حکومت کے ساتھ بات چیت کے ذریعے عوامی سطح پر بھی تعلقات میں وسعت دینی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک خصوصی طور پر اٹلی میں سیاحت کے فروغ کے لیے سیاحوں کے وفود کا تبادلہ کیا جائے تاکہ دونوں ملکوں کے مابین کاروباری تعلقات سمیت مشترکہ مفادات کے منصوبے بھی مزید فروغ حاصل کریں۔
چوہدری آفتاب کا کہنا ہے کہ اٹلی کے سفیر اندریاس فیراریسے ایسی شخصیت اور خصوصیات کے مالک ہیں جو ان پہلوؤں پر کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اٹلی یورپی یونین کا اہم ملک ہے اور اٹلی نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے، میں ایک ہفتے کے دورے کے دوران مختلف لوگوں سے ملاقات کروں گا اور جلد ہی روم میں سید خرم رضا کاظمی کی سربراہی میں یورپ بھر کے لوگوں کا کنونشن منعقد کریں گے اور یورپی ممالک کے حکمرانوں کو یہاں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کریں گے۔
Comments are closed.