پیر18؍ربیع الثانی 1444ھ14؍نومبر2022ء

یورپین یونین کا روس کیخلاف لڑنے کیلئے یوکرینی فوجیوں کے تربیتی مشن کے آغاز کا اعلان

یورپین یونین نے یوکرین کے فوجیوں کو روس کے خلاف لڑنے کے لیے تربیتی مشن کے آغاز کا اعلان کردیا۔

اس تربیتی مشن کے تحت یوکرین کے 15 ہزار فوجیوں کو جرمنی اور پولینڈ میں فوجی تربیت دی جائے گی۔

اس بات کا اعلان یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے آج برسلز میں یورپین فارن افئیرز کونسل کے اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔

یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل اور پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے درمیان متحدہ عرب امارات میں ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ایک اہم فیصلہ یوکرینی فوج کے تربیتی مشن کا آغاز ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بحث کے بعد ہم نے ریکارڈ وقت میں اس کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ چند ہفتوں میں ہی یہ فعال ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس تربیتی مشن کے تحت 15 ہزار یوکرینی فوجیوں کو پولینڈ اور جرمنی میں تربیت دی جائے گی۔

یورپین خارجہ امور کے سربراہ نے مزید کہا کہ یوکرین کے لیے میدان جنگ سے اچھی خبریں ہیں۔ خرسون شہر پر قبضے کی واپسی کے علاوہ روسی فوج پیچھے ہٹ رہی ہے۔

جوزپ بوریل کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ (روس کے خلاف) یوکرین کی فوجی حمایت کی حکمت عملی اچھی تھی۔

واضح رہے کہ اس اجلاس میں مغربی بلقان کے علاقے کے دو ممالک کوسوو اور سربیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، ایران میں مظاہرین پر جبر، ایران کی جانب سے روس کی فوجی مدد اور افریقہ میں مسائل جیسے موضوعات ایجنڈے میں شامل ہوں گے جبکہ کل یورپین ڈیفنس کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.