بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

یورو 2020 فٹبال میچ کے دوران کھلاڑی کے بیہوش ہونے پر میچ روک دیا گیا

یورو 2020: ڈنمارک اور فن لینڈ کے مابین فٹبال میچ کے دوران کھلاڑی ایرکسن کے بیہوش ہونے پر میچ روک دیا گیا

یورو 2020، ایرکسن

،تصویر کا ذریعہEPA

یورپی فٹبال چیمپیئن شپ (یورو 2020) میں ڈنمارک اور فن لینڈ کے مابین میچ میں ڈنمارک کے ایک کھلاڑی کے بیہوش ہو کر پِچ پر گِرنے کے بعد کھیل معطل کر دیا گیا تھا جسے بعد میں دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

کوپن ہیگن میں گروپ بی کے اس میچ کو پہلے ہاف کے وقفے سے قبل کھیل کو اس وقت روکنا پڑا جب ڈنمارک کے 29 سالہ فٹبالر کرسٹیئن ایرکسن زمین پر طبیعت خراب ہونے پر خود ہی گِر گئے۔

ریفری انتھونی ٹیلر نے ایرکسن کے لیے فوری طبی مدد بلوائی اور فیلڈ پر ان کا ابتدائی معائنہ کیا گیا۔ ایرکسن کو سی پی آر دیا گیا اور اس کے بعد تمام کھلاڑیوں کو گراؤنڈ سے واپس بلا لیا گیا۔

یورو 2020، ایرکسن

،تصویر کا ذریعہReuters

ٹورنامنٹ کے منتظم یونین آف یورپیئن فٹبال ایسوسی ایشن (یوایفا) نے کہا کہ طبی ایمرجنسی کے پیش نظر میچ معطل کر دیا گیا ہے۔

یوایفا کا کہنا تھا کہ ‘ڈنمارک کے کھلاڑی ایرکسن کو ایک طبی ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے بعد دونوں ٹیموں اور میچ آفیشلز کے درمیان ملاقات ہوئی۔‘

‘کھلاڑی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اب ان کی حالت تسلی بخش ہے۔’ حکام کا کہنا ہے کہ اب انھیں ہوش آچکا ہے، ان کے کچھ طبی ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور نتائج کا انتظار ہے۔

یوایفا کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کی گزارش پر اب یہ میچ آج رات دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ ’پہلے ہاف کے آخری چار منٹ کھیلے جائیں گے اور اس کے بعد ہاف ٹائم کے پانچ منٹ کے وقفے کے بعد میچ کا دوسرا ہاف کھیلا جائے گا۔‘

یہ بھی پڑھیے

یورو 2020، ایرکسن

،تصویر کا ذریعہPool via European Pressphoto Agency

یہ واقعہ ہاف ٹائم ہونے سے کچھ دیر قبل پیش آیا جب حریف ٹیم کی جانب سے فٹبال حدود سے باہر جانے کے بعد ایرکسن کے ایک ساتھی کھلاڑی نے فٹبال ان کی طرف پھینکا۔ اسے کِک مارنے کے دوران وہ بیہوش ہو کر نیچے گِر گئے تھے۔

ان کے بیہوش ہونے کے بعد ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے ان کا گھیراؤ کر لیا تھا۔ تمام کھلاڑی اور شائقین کے لیے یہ خبر پریشان کن تھی اور ان کے چہروں سے حیرانی جھلک رہی تھی جب ایرکسن کو طبی مدد فراہم کی جا رہی تھی۔

’اسے کہتے ہیں ٹیم‘

واقعے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ دنیا بھر کے فٹبال فینز نے ایرکسن کے لیے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے نیک تمنائیں بیان کی ہیں۔

لارا بی لکھتی ہیں کہ ڈنمارک کی ٹیم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ’صرف خدا جانتا ہے وہ اس وقت (اپنے ساتھی کھلاڑی کو اس حال میں دیکھ کر) کن جذبات میں مبتلا ہوں گے۔‘

یوایفا

،تصویر کا ذریعہTWITTER

ایرکسن کی پارٹنر سبرینا کے لیے انھیں بیہوشی کی حالت میں دیکھنا شاید سب سے مشکل تھا۔ گراؤنڈ پر آنے کے بعد وہ یہ منظر دیکھ کر آبدیدہ ہوگئیں تھیں جس پر ساتھی فٹبالرز نے انھیں حوصلہ دیا اور ہمت نہ ہارنے کا مطالبہ کیا۔ اس پر کپتان سائمن کو سراہا جا رہا ہے۔ ریفری انتھونی ٹیلر کو بھی ان کے بیک وقت ردعمل پر داد دی جا رہی ہے۔

عائشہ رضوان نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’فوری اقدامات پر یوایفا کا شکریہ۔۔۔ فیک نیوز اور افواہوں کو روکنے کے لیے انھوں نے جلد اپنا بیان جاری کیا۔ میچ کو معطل کر کے یہ پیغام دیا گیا کہ کسی کی زندگی کی اہمیت زیادہ ہے۔‘

ٹیم

،تصویر کا ذریعہTWITTER

شینک نے لکھا کہ ’اگر آپ کو کسی کو ٹیم کا مطلب سمجھانا ہو تو یہ تصویر دکھائیں۔‘

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.