پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بلوچستان کے سابق صدر سردار یار محمد رِند نے بلوچستان کی وزارت اعلیٰ 3 ارب سے زائد میں فروخت ہونے کا انکشاف کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے سردار یار محمد رند نے کہا کہ عبدالقدوس بزنجو کو ساڑھے 3 ارب کی ڈیل کے بدلے حکومت بلوچستان دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈیل اسلام آباد میں بیٹھے 3 سینیٹرز اور ایک بڑی سیاسی شخصیت نے کروائی ہے۔
سردار یار محمد رند نے کہا کہ اگر انہیں تنگ کیا گیا تو وہ اس شخصیت کا نام میڈیا پر سامنے لے آئیں گے۔
سابق صدر پی ٹی آئی بلوچستان سردار یار محمد رند نے کہا کہ قدوس بزنجو حکومت پیسے کے زور پر لائی گئی، پہلے بلوچستان کے وسائل اور ساحل بکتے تھے، اب بلوچستان حکومت نیلام کی گئی، میں اس نیلامی کا حصہ نہیں بنا۔
اسی پروگرام کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی سردار یار محمد رند نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
سردار یار محمد رند نے بتایا کہ استعفی 2 دن پہلے وزیر اعظم کو بھجوا چکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء نے بلوچستان پر کبھی مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا، مجھے بلوچستان پر کسی اجلاس میں بلانے کی زحمت تک نہیں کی گئی۔
Comments are closed.