ہیوسٹن انٹرنیشنل ٹریڈ ڈیولپمنٹ کونسل کی جانب سے ممتاز پاکستانی امریکی رہنما سعید شیخ کو ان کی شاندار سماجی اور فلاحی خدمات پر گلوبل سیون آؤٹ اسٹینڈ ہیومینٹیرین ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔
انہیں عالمی سطح پر پُروقار نقوش قائم کرنے کی غیر معمولی قیادت اور ہیوسٹن تا دنیا بھر میں قابل ستائش انسانی خدمات انجام دینے پر اس ایوارڈ کےلیے نامزد کیا گیا تھا۔
یہ گلوبل جی 7 ایوارڈ ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والی ان 7 کاروباری اور معزز شخصیات کو دیا گیا جن کی قابل تحسین خدمات عالمی سطح پر ہیوسٹن کے وقار میں اضافہ کا باعث بنیں۔
ایوارڈ حاصل کرنے والی معزز شخصیات میں مئیر ہیوسٹن سلوسٹر ٹرنر بھی شامل تھے۔
ایوارڈ کی تقریب میں قونصل جنرل ہیوسٹن آفتاب چوہدری بھی موجود تھے جنہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے پر سعید شیخ کو مبارکباد دی اور کہا کہ کمیونٹی خدمت کے حوالے سے سعید شیخ کے جذبے اور ولولے سے وہ آگاہ ہیں اور سعید شیخ کو ملنے والا ایوارڈ پوری پاکستانی امریکی کمیونٹی کےلیے باعث فخر ہے۔
اس موقع پر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے ایوارڈ کی نامزدگی پر کونسل سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ میں رب باری تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جس نے انہیں کمیونٹی کی خدمت کا موقع دیا۔
انہوں نے اس موقع پر ممتاز تاجر جاوید انور کی مدد اور تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔
تقریب تقسیم ایوارڈ میں انڈونیشیا،جاپان، لائبیریا، انگولا، برکینو فاسو کے سفارت کاروں سمیت ڈائریکٹر میئر آفس برائے ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ کرس اولسن، جی 7 کی کمیٹی کے رکن ویل تھامسن، کونسل کی صدر سنتھیا بلینڈ فورڈ، مراد آجانی، ڈاکٹر عصم شاہ، الیاس چوہدری، ڈاکٹر یعقوب شیخ، نصراللّٰہ خان اور شاہ حکیم سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز رہنماؤں اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔
Comments are closed.