ہیوسٹن سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے طبی آلات پر مشتمل نصف ملین ڈالر کے دو مزید کنٹینرز روانہ کردیے گئے ہیں۔
الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن، میڈیکل برجز، اور ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اور ہیلپنگ ہینڈ کی شراکت کے ذریعے ہیوسٹنیوں کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے میڈیکل سپلائیز کے دو مزید کنٹینرز پاکستان روانہ کیے گئے ہیں۔
کنٹینرز روانگی کی تقریب ہیوسٹن میں میڈیکل برجز کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی خاتون رکن کانگریس اور کانگریس میں پاکستانی کاکس کے چیئرمین شیلا جیکسن لی تھیں۔
تقریب میں ہیوسٹن کے نئے پاکستانی قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری ممتاز بزنس مین جاوید انور، ایلائنس کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ اور ہیلپنگ ہینڈ تنظیم کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔
تنظیم کے تعاون سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں اور موسم گرما 2022ء کے سپر فلڈ سے ہونے والی تباہی کے متاثرین کی مدد کے لیے تاحال کوششیں جاری رکھنا اور مذکورہ سیلاب کے نتیجے میں پانی سے پیدا ہونے والی اور دیگر بیماریوں میں مبتلا لوگوں کی مدد کرنا شامل ہے ۔
اس ضمن میں تقریباً نصف ملین ڈالر مالیت کے نئے طبی سامان کے 40 فٹ کے دو کنٹینرز تیار کیے گئے، ان کنٹینرز میں میڈیکل سپلائیز میں شامل طبی آلات اور دیگر سامان سیلاب متاثرین کو طبی امداد فراہم کرنے والے سرکاری اسپتالوں کو فراہم کیے جائیں گے جبکہ اس سے قبل الائینز کے ذریعے 1 ملین ڈالر کی نقد امداد بھی اکٹھی کی گئی تھی جس میں موجود امدادی سامان کے ذریعے 50,000 سے زیادہ لوگوں کی مدد کی گئی اور 35 گھر بنائے گئے ہیںن جبکہ مزید 155 گھروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔
الائنس کے زیر اہتمام اس حوالے سے منعقدہ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کانگریس وومن شیلا جیکسن لی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لیے مزید مؤثر کوششوں کی ضرورت ہے۔
شیلا جیکسن لی نے خطاب میں بتایا کہ انہوں نے گزشتہ سال کانگریس کے ایک وفد کے ساتھ پاکستان میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تھا جبکہ انہوں نے ریاستہائے متحدہ کی حکومت سے مزید مدد کی ضرورت پر زور دیا تھا اور اپنی طرف سے اس ضمن میں کوششیں جاری رکھنے کا عہد بھی کیا تھا۔
ہیوسٹن میں پاکستان کے تعنیات ہونے والے قونصل جنرل آفتاب چوہدری کا اس موقع پر پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرنے پر امریکی حکومت اور پاکستانی امریکی مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔
آفتاب چوہدری نے متاثرین کی ضروریات کے بارے میں بھی بات کی اور امداد کی فراہمی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عہد کیا۔
تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے معروف بزنس مین جاوید انور کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی طویل عمل ہے جس کے لیے پوری پاکستانی کمیونیٹی کی اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
سید جاوید انور نے تعاون کرنے والے شراکت داروں کی کوششوں کی تعریف کی اور ضرورت مند انسانیت کی خدمت میں ان کی محنت کو سلام پیش کیا۔تقریب میں اپنا کے ڈاکٹر نوید ظفر، سراج نرسی اور محمود احمد، شاہ زیب شیخ، بینا شیخ، ڈائریکٹر ڈاکٹر یعقوب شیخ الیاس حسن چوہدری، سعد انصاری نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے الائنس کے کو آرڈینیٹر سعید شیخ کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے مرحلے میں ایک ملین نقد امداد اور ایک ملین کے امدادی سامان کی فراہمی کا جو حدف رکھا تھا وہ آج مکمل ہوگیا ہے جس پر وہ کمیونٹی کے بھرپور شکرگزار ہیں۔
Comments are closed.