کانگریشنل پاکستان کاکس کی سربراہ اور رکنِ کانگریس شیلا جیکسن نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ہیوسٹن نے قابلِ تحسین کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف کے تحت ہیوسٹن سے امدادی اشیاء کے کنٹینرز کی پاکستان روانگی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیلا جیکسن نے کہا کہ کانگریشنل پاکستان کاکس مزید امریکی امداد کی فراہمی کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
ہیلپنگ ہینڈ تنظیم کے دفتر میں منعقدہ پروقار تقریب میں شیلا جیکسن نے کنٹینرز کی پاکستان روانگی کے آپریشن کا افتتاح کیا۔
تقریب میں پاکستانی قونصل جنرل ابرار ہاشمی، اسسٹنٹ پولیس چیف ہیوسٹن یاسر بشیر اور میئر ہیوسٹن کے نمائندے کرس اولسن سمیت عمائدین کمیونیٹی نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الائنس کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ نے امدادی سامان کے کنٹینرز پاکستان بھیجنے کے آپریشن اور سیلاب کے متاثرین کے لیے ہیوسٹن کالونی کے نام سے گھروں کی تعمیر کی تفصیلات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند ماہ میں مزید 2 کنٹینرز پاکستان روانہ کر دیے جائیں گے۔
تقریب سے قونصل جنرل ہیوسٹن ابرار ہاشمی، اسسٹنٹ پولیس چیف ہیوسٹن یاسر بشیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Comments are closed.