گزشتہ روز ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہونے والے بھارتی پائلٹ پی ایس چوہان کے اہلخانہ کو خبروں کے ذریعے بیٹے کی موت کا علم ہوا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پائلٹ پی ایس چوہان کی والدہ نے کہا کہ ’وہ اپنے بیٹے سے کی گئی آخری گفتگو کو یاد کررہی ہیں، اُنہیں نہیں معلوم تھا کہ بیٹے سے اُن کی یہ آخری گفتگو ہے۔‘
اپنے بیٹے کے کھو جانے کے صدمے میں مبتلا سریندر سنگھ چوہان نے کہا کہ ’انہیں خبروں سے اس حادثے کا علم ہوا۔‘
بھارتی پائلٹ پی ایس چوہان کے والد نے کہا کہ ’اُن کا بیٹا خوش مزاج انسان تھا اور ہر ایک سے محبت کرتا تھا۔‘
اُن کی غم سے نڈھال بہن نے بتایا کہ ’وہ آخری بار رواں سال راکھی کے تہوار پر اپنے بھائی سے ملی تھیں اور بھائی نے تمام بہنوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہماری ہر خواہش پوری کریں گے۔‘
دوسری جانب بھارتی پائلٹ کے چچا یشپال سنگھ چوہان نے کہا کہ ’انہیں چوہان کی موت کے حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ اطلاع نہیں ملی ہے۔‘
واضح رہے کہ ونگ کمانڈر پی ایس چوہان ایم آئی 17وی 5 ہیلی کاپٹر کے کمانڈر پائلٹ تھے جس میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت سوار تھے۔
گزشتہ روز بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار بھارتی فوج کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت ہلاک ہوگئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت، ان کی اہلیہ، ڈیفنس اسسٹنٹ، سیکیورٹی کمانڈوز، فضائیہ کے پائلٹس سمیت مجموعی طور پر 14 افراد سوار تھے۔
بھارتی فضائیہ کا کہنا ہے کہ ایم آئی 17وی 5 ہیلی کاپٹر تامل ناڈو میں گرا۔
Comments are closed.