بدھ 28؍رمضان المبارک 1444ھ19؍اپریل 2023ء

ہوٹل کی بجائے گیسٹ ہاوس منتقلی پر برہمی، مبینہ بدتمیزی کے الزام پر پی آئی اے کی 2 ایئرہوسٹس گراؤنڈ

اسلام آباد کے ہوٹل میں کمرے نہ ملنے اور گیسٹ ہاؤس منتقلی پر قومی ایئرلائن کی فضائی میزبان برہم ہوگئیں، جنہیں گراؤنڈ کردیا گیا۔

ایئر ہوسٹس کی مبینہ طور پر ہوٹل انتظامیہ سے بدتمیزی کے الزام پر ایئرلائن مینجمنٹ کی کارروائی سامنے آئی ہے۔

ایئر لائن ذرائع کے مطابق 16 اپریل کے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں پی آئی اے پرواز پی کے 182 کے عملے کو ہوٹل کے استقبالیہ پر دیکھا جا سکتا ہے۔

پی آئی اے کے جی ایم فلائٹ سروسز نے دونوں فضائی میزبانوں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ماہ تک گراؤنڈ کردیا ہے۔

نوٹس میں اسلام آباد ہوٹل استقبالیہ پر نامناسب رویے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور استقبالیہ عملے کے ساتھ بدتمیزی والا رویہ مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیا گیا ہے۔

نوٹس میں فضائی میزبانوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ آئندہ کسی بھی واقعے کی صورت میں سخت انتظامی کارروائی کی جائے گی۔

واقعہ اسلام آباد کے گیسٹ ہاؤس جانے کی مبینہ انتظامی ہدایات پر پیش آیا۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق گیسٹ ہاؤس کا ماحول خواتین فضائی میزبانوں کے لیے نامناسب ہے۔

یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے فضائی میزبانوں کو مبینہ طور پر جان بوجھ کر گیسٹ ہاؤسز منتقل کیا جاتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.