مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ن لیگ کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نواز شریف ہوں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ ہواؤں کا رخ ن لیگ کی طرف چل رہا ہے، بلوچستان سے کافی لوگ ہماری پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں زیادہ تر تحریک انصاف کے ایم این ایز اور ایم پی ایز ہیں، اُن کی ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا الیکشن لڑنے سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ سرفراز بگٹی کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے بعد بلاول بھٹو زرداری کا شکوہ ختم ہوجائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ دراصل بلاول بھٹو پر نگراں حکومت کی عنایتیں ہیں، انہیں اب شکوہ نہیں کرنا چاہیے۔
احسن اقبال یہ بھی کہا کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار نواز شریف ہی ہیں جبکہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے حوالے سے تاحال پارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کا ہر صورت میں مقابلہ کریں گے، جو لوگ 9 مئی کی سازش میں ملوث نہیں، اُن کو مشکلات کا سامنا نہیں ہے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 2014 میں پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا اس وقت انہیں نااہل کر دینا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا لاڈلا سیزن ختم ہوچکا ہے، ہرجماعت کولیول پلینگ فیلڈ ملنی چاہیے۔
Comments are closed.