اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ایوان میں ہنگامہ آرائی پر ایم پی اے عظمیٰ بخاری اور صبا صادق سمیت مسلم لیگ ن کے 18 ارکان اسمبلی کے ایوان میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے ہنگامہ آرائی کرنے پر مسلم لیگ ن کے 18 ارکان پر 15 نشستوں کیلئے ایوان میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔
ہفتے کے روز عثمان بزدار کی جانب سے عمران خان کو نااہل کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف قرارداد پیش کی جا رہی تھی تو اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔
اسپیکر آفس کا کہنا ہے کہ جب قرارداد پیش کی جارہی تھی تو لیگی ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے بھی شور شرابہ کیا تھا۔
ن لیگ کے جن ارکان اسمبلی پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں عظمیٰ بخاری، صبا صادق، میاں عبدالرؤف، سمیع اللّٰہ خان،ملک عبدالوحید، راحیلہ خادم حسین، ربعیہ نصرت، رابعہ فاروقی، زیب النسا اعوان، ذیشان رفیق، کنول لیاقت، گل ناز شہزادی، نفیسہ امین، محمد افضل، عادل بخش، سعدیہ ندیم ، راحت افزا اور سنبل مالک حسین شامل ہیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے موقع پر ہنگامہ آرائی کرنے پر مسلم لیگ ن کے 5 ایم پی ایز کو معطل کیا گیا تھا۔
Comments are closed.