ہنٹر بائیڈن: جیل سے بچنے کے لیے امریکی صدر کے بیٹے کا اقبال جرم

ہنٹر بائیڈن

،تصویر کا ذریعہGetty Images

  • مصنف, برنڈ ڈیبسمین جونیئر
  • عہدہ, بی بی سی نیوز، واشنگٹن

امریکی صدر جو بائیڈن کے بیٹے، ہنٹر بائیڈن، ٹیکس جرائم اور منشیات کا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایک ہتھیار رکھنے کا اعتراف کر سکتے ہیں۔

امریکہ میں ڈیلاویئر کی ایک عدالت میں امریکی اٹارنی جنرل کی جانب سے جمع کرائے جانے والے کاغذات سے عندیہ ملا ہے کہ ایسا کرنے سے وہ جیل جانے سے بچ سکتے ہیں۔

تاہم محکمہ انصاف کے ایک بیان کے مطابق امریکی صدر کے بیٹے کو ٹیکس جرائم میں ایک سال اور ہتھیار رکھنے کے جرم میں 10 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

اس بات کا بھی امکان ہے کہ ایک معاہدے کے تحت ہنٹر بائیڈن منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے علاج پر رضامندی ظاہر کر سکتے ہیں۔

تاہم کسی بھی حتمی معاہدے کو مقدمہ سننے والی جج کی منظوری کی ضرورت ہو گی۔ اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہنٹر بائیڈن عدالت میں کب پیش ہوں گے۔

ان کے وکیل کرس کلارک نے ایک بیان میں کہا کہ ’میں جانتا ہوں کہ ہنٹر اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اپنی زندگی کے ایک مشکل حصے میں ان غلطیوں کی ذمہ داری قبول کرنا کتنا اہم ہے۔‘

امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی سے بات کرتے ہوئے کرس کلارک کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کی پروبیشن کی شرائط پر حتمی فیصلہ عدالت کے ہاتھ میں ہو گا لیکن ان کو توقع ہے کہ ہنٹر بائیڈن کو کسی شرط کے بغیر عدالت میں پیشی کے بعد رہا کر دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ جج انصاف کریں گے اور میرے خیال میں انصاف یہ ہے کہ میرے موکل کو ان کی زندگی جینے کا حق دیا جائے۔‘

ہنٹر بائیڈن

،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES FOR WORLD FOOD PROGRAM USA

،تصویر کا کیپشن

ہنٹر بائیڈن

53 سالہ ہنٹر بائیڈن ماضی میں خود بھی وکیل رہ چکے ہیں اور بعد میں انھوں نے بطور لابسٹ چین اور یوکرین میں کام کیا۔ ان کو 2014 میں نیوی سے اس وقت نکال دیا گیا تھا جب ان کا کوکین ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ان کی جانب سے ممکنہ معاہدہ محکمہ انصاف کی ایک طویل تفتیش کا اختتام ہو گا جس کے دوران ہنٹر بائیڈن پر لگنے والے ان الزامات کی بھی تفتیش ہوئی کہ انھوں نے اپنی کمائی درست بتائی اور کیا انھوں نے 2018 میں ایک ہتھیار خریدنے کے لیے جھوٹا بیان دیا۔

ان پر عائد ٹیکس الزامات 2017 اور 2018 میں ایک لاکھ ڈالر سے زیادہ کا ٹیکس جمع کرانے میں ناکامی کی وجہ سے لگے جبکہ ہتھیار رکھنے کا الزام 2018 میں منشیات استعمال کرتے وقت ہتھیار رکھنے کی وجہ سے لگا۔

2021 میں ہنٹر بائیڈن نے ایک کتاب میں اعتراف کیا تھا کہ وہ بھاری مقدار میں کوکین کا نشہ کرتے تھے۔

تاہم انھوں نے ایک فیڈرل فارم پر اس وقت نفی میں جواب دیا تھا جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا انھوں نے کسی منشیات کا غیر قانونی استعمال کیا ہے۔ ان فارمز پر جھوٹ بولنے کی وجہ سے قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

امریکہ

،تصویر کا ذریعہReuters

یہ ممکنہ معاہدہ ایک ایسے وقت میں منظر عام پر آیا ہے جب ریپبلکن جماعت کی جانب سے امریکی صدر پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ وہ محکمہ انصاف کو سیاسی مخالفین کے خاف بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔

جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیڈن طویل عرصے سے ان الزامات کی زد میں تھے کہ ان کی بیرون ملک کاروباری ڈیلز میں کرپشن ہوئی۔

اس معاہدے کے بعد بھی ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر ری پبلکن سیاست دانوں کی جانب سے فوری ردعمل سامنے آیا لیکن ڈیموکریٹس کی جانب سے اس مقدمے پر زیادہ بات نہیں کی گئی۔

وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ صدر اور ان کی اہلیہ اہنے بیٹے کی حمایت کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ ہنٹر بائیڈن نے دسمبر 2020 میں اپنے خلاف تحقیقات پر بیان دیا تھا کہ انھوں نے اپنے ٹیکس کے معاملات شفاف طریقے سے چلائے۔

ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ اب تفتیش مکمل ہو چکی ہے لیکن محکمہ انصاف کے مطابق تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

BBCUrdu.com بشکریہ