وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 34 اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے استعفوں کی منظوری پر کہا ہے کہ ہم 35 پنکچر لگاچکے ہیں، اب یہ نئی ٹیوب لیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے با آواز بلند کہا تھا کہ استعفے دے دیے، اب ہم نے ایک سیاسی موو کی ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے کچھ لوگ استعفے نہیں دینا چاہتے کچھ نے چھٹیوں کی درخواست دی، ان کے اراکین پارلیمنٹ لاجز میں بھی مقیم ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ کہہ دیں کہ ہم نے استعفے نہیں دیے یا دستخط جعلی ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ 2014 میں بھی یہ ترلے منتیں کر کے آئے تھے، اب بھی ترلے منتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ استعفے دیتے ہیں، پھر اسمبلی کو گالیاں دیتے ہیں، سیاسی طور پر ہمارا موو بالکل ٹھیک ہے، تحریک انصاف پچھلے 13 سال سے خیبرپختونخوا میں کام نہیں کر رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو رویہ انہوں نے اپنایا ہے اس طرح کا رد عمل آئے گا۔ ہم 35 استعفے منظور کرسکتے ہیں تو باقی 70 بھی کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس کی بلیک میلنگ کی سیاست میں نہیں آئیں گے، کہتے ہیں سڑکوں پر آجائیں گے 8 ماہ سڑکوں پر تھے کیا ہوا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کامیابی مل رہی ڈیفالٹ والی کوئی بات نہیں۔
کراچی کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ کراچی کی بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف تیسرے نمبر پر آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کےلیے بالکل تیار ہیں۔ لوگوں کی اجتماعی سوچ کو ہم سمجھ رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری معیشت نازک موڑ پر ہے، بعض لوگ بے تحاشہ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کی مدت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، قومی اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے ہیں۔
Comments are closed.