بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ہم کسی کو ووٹ نہیں دیں گے: اعجاز چوہدری

لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 میں آج ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، اس حوالے سے حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) وسطی پنجاب کے صدر سینیٹر اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارا امیدوار میدان میں نہیں، ہم کسی کو ووٹ نہیں دیں گے۔

یہ بات پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) وسطی پنجاب کے صدر سینیٹر اعجاز چوہدری نے ’جیو نیوز‘ سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ آج کا الیکشن انتخابی عمل کے نام پر سیاہ دھبہ ہے، آج 20 فیصد سے کم ووٹ کاسٹ ہو گا۔

لاہور میں این اے 133 پر آج ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ میں واقع پولنگ اسٹیشن پر تاحال پولنگ شروع نہیں ہو سکی۔

سینیٹر اعجاز چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ہم نے آج اپنے پارٹی ووٹرز سے گھروں پر رہنے اور ووٹ کا حق استعمال نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گی۔

این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ نون کے ایم این اے محمد پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

مسلم لیگ نون کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے چوہدری اسلم گِل سمیت 11 امیدوار اس حلقے میں میدان میں ہیں۔

ضمنی انتخاب میں سیکیورٹی کے لیے اس حلقے میں 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں۔

تمام پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی صورتِ حال قابو میں رکھنے کے لیے رینجرز اہلکاروں کا گشت بھی جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.