وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کاکہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں یہ ملک آئین کے مطابق چلائیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹوکیخلاف جب عدم اعتماد پیش ہوا تو چند دنوں میں اس پر ووٹنگ ہوئی تھی، عدم اعتماد کی تحریک میں ملک کا نقصان نہیں ہوگا۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول بھی رکھے، صوبائی وزراء بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ایم کیو ایم نے کچھ مطالبات رکھے ہیں ان پر ہمیں اعتراض نہیں،مردم شماری کے معاملے پر سندھ کی دیگر جماعتوں نے ہم سے تعاون نہیں کیا.
انہوں نے کہاکہ ہم نے بلدیاتی قانون پر بہت سی تجاویز مانی ہیں،بلدیاتی قانون نئی تجاویز کے ساتھ اسمبلی میں پیش ہوا اور کمیٹی کے پاس ہے، کمیٹی میں تمام جماعتوں کے اراکین موجود ہیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں اسپیکر قومی اسمبلی سے متفق نہیں ہوں، اسپیکر صاحب نے آئین پر عمل نہیں کیا، ان کا کہنا تھا کہ گورنر صاحب نے درست کہا ہے اگلا سال گزشتہ سال سے بہتر ہوگا۔
یوم پاکستان کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ 23 مارچ 1940ء کے بعد ملک کے حصول کے لئے ایک منظم جدوجہد کی گئی تھی، یہ ملک بڑی جدوجہد کے بعد حاصل کیا اور اس کی حفاظت ہمارا فرض ہے، ہم سب کو ملک اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے کام کرنا چاہیے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ملک میں تمام مذاہب اور عقائد کے لوگوں کا احترام اور عزت کرنی چاہیے،آج کے دن ہمیں پاکستان کی سلامتی کا عہد کرنا چاہیے، ہمارا ملک کافی مشکلات سے گزرا ہے اور اب بھی مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے، کشمیر میں ظلم اور بربریت جاری ہے،ہم مل کر اپنی سرحدوں اور آئین کا تحفظ کریں گے۔
Comments are closed.