پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کون سی ایسی پارٹی ہے جس نے ہم کو پیکیج آفر نہ کیا ہو۔ مگر ہم نے اپنی قیمت نہیں لگائی اور عوام کے درمیان رہے۔ ہر ایک کو اپنی قیادت کی فکر ہے، عوام کی ترجمانی کوئی نہیں کر رہا۔
کراچی میں اپنی پارٹی کی آفیشل ویب سائٹ کے افتتاح کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بد کردار اور بدعنوان پارٹی کو جب موقع ملا اپنے آپ کو بیچا اور فائدہ اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئی تھی تو سب کا کہنا تھا کہ عمران کی حکومت 15 سال تک رہے گی، ہماری واحد جماعت تھی جس نے کہا فریب اور جھوٹ پر مبنی حکومت زیادہ نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس پی نے گزشتہ 6 سالوں میں صرف عوام کی بات کی۔ ہمارا مطالبہ ہے تین آئینی ترمیم فوری کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ کی طرح مئیر کا اختیار بھی آئین میں لکھا جائے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کی تقسیم کو ڈائریکٹ ڈسٹرکٹ میں منتقل کرنے کو آئین میں لکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم تمام سیاسی مراعات حاصل کرنے کے بعد بھی ایک یوسی کو ماڈل نہ بنا سکی۔ ایم کیو ایم اپنی ایک بوٹی کیلئے مہاجروں کے ووٹ کا مذاق بنارہی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ابھی چند روز قبل اپنے کارکن اسلم کے جنازے میں سندھ حکومت کیخلاف نعرے لگائے۔ آج ییپلز پارٹی سے اتحاد ہوتے ہی جگہ جگہ سے وہ چاکنگ مٹادی گئی۔ کیا اسلم کے خانوادے کو انصاف مل گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جعلی مردم شماری اور کوٹہ سسٹم پر حکومت سے باہر نہیں آئی۔ آج جب ڈوبتا سورج ہے تو اپنی وفاداری کسی اور سے منسوب کر دی۔
Comments are closed.