متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی غلطیوں پر کافی حد تک قابو پالیا ہے۔
لاہور پریس کلب میں عامر خان، وسیم اختر اور دیگر رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔
عامر خان نے کہا کہ ہم نے ایک نئی ایم کیو ایم روشناس کروائی جو عدم تشدد کے فلسفے پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں، ہم نے اپنی غلطیوں پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے، ہم سیاسی قائدین کا شکریہ ادا کرنے پنجاب آئے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ میڈیا کا شکرگزار ہیں کہ اس نے ہمارے کارکنوں پر تشدد کو مکمل طور پر دکھایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب کے دورے پر نکلے ہیں، سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
عامر خان نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں ان کا بھی شکریہ ادا کریں گے، کل چوہدری برادران سے ملاقات کا امکان ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے کراچی سمیت سندھ کے کسی بھی شہر کے ساتھ انصاف نہیں کیا، غریب ہاری کو کسی قسم کی کوئی بھی سہولت میسر نہیں۔
عامر خان نے کہا کہ بدترین حالات میں بھی کراچی ملک کو 70 فیصد کے لگ بھگ ریونیو جمع کر کے دیتا ہے۔
Comments are closed.