سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ ہم لوگ متحدہ اپوزیشن دیکھنا چاہتے ہیں۔
ایک بیان میں راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں کچھ اعتراضات تھے اس لیے ہم اس سے علیحدہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو بہت سبز باغ دکھائے تھے، گورنر اسٹیٹ بینک کہتے ہیں کہ ڈالر مہنگا ہونے سے بیرونِ ملک پاکستانیوں کو فائدہ ہو رہا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اور حکومت کا رویہ افسوس ناک ہے، اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے لوگوں کی توہین کی جا رہی ہے، پارلیمنٹ کو بے توقیر کیا جا رہا ہے، پاکستان کی تاریخ میں ایسی نااہل حکومت نہیں آئی۔
سابق وزیرِ اعظم راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا ہے کہ وقت کی ضرورت ہے کہ متحد ہو کر موجودہ حکومت کو چلتا کیا جائے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر وزیرِ اعظم عمران خان کو لگتا ہے کہ ان کے ملک میں ہونے یا نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا تو یہ بھی ٹھیک ہے۔
Comments are closed.