ن لیگی رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کو مخاطب کرکے کہہ دیا کہ اس بار ہم شہباز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے۔
ن لیگی رہنما عطا تارڑ اور عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کی اور کہا کہ عمران خان صاحب اور چیئرمین نیب صاحب کان کھول کر سن لیں، اس مرتبہ ہم شہباز شریف کو جیل نہیں جانے دیں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ہم اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں، شہباز شریف کو تیسری بار جیل بھیجنے کا وزیراعظم کا خواب پورا نہیں ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ کی خام خیالی ہے کہ آپ کسی کو گرفتار کریں گے، ہر بار نیب ہائیکورٹ میں بیان دیتا ہے کہ شہباز شریف کیخلاف کوئی ثبوت نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عمران خان ہر صورت میں شہباز شریف کو جیل بھیجنا چاہتے ہیں جبکہ آپ کے خلاف فارن فنڈنگ کیس ابھی چل رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا نام میڈیا پر پابندیاں لگانے والوں میں شامل ہو گیا ہے۔
ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے نیب اور ایف آئی اے کو دوبارہ استعمال کیا گیا تو ہماری حکمت عملی سخت ہو گی۔
اُن کا کہنا تھاکہ آپ اپنی مرضی کے کالے قوانین بنائیں گے تو ہم خاموش نہیں رہیں گے۔
Comments are closed.